آج بھارتی یوم جمہوریہ پر کشمیر میں یوم سیاہ، ہڑتال

January 26, 2016 2:20 pm0 commentsViews: 18

سری نگر سمیت دیگر شہروں میں دکانیں بند، احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے بھارتی فوج نے کشمیریوں کی پکڑ دھکڑ جاری رکھی
سرینگر( نیوز ایجنسیاں) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج26 جنوری بروز منگل کو بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں‘ کشمیر میں آج ہڑتال ہے‘ مقبوضہ کشمیر کے تمام دھڑوں نے جموں کشمیر میں ہمہ گیر ہڑتال کی حمایت اور اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی حمایت کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا سماں‘ تقریب کے پیش نظر بخشی اسٹیڈیم کی سیکورٹی بڑھادی گئی‘ چیکنگ اور تلاشی کی کارروائیاں‘سینکڑوں کشمیری نوجوان گرفتار کرلئے گئے‘ کشمیری قائدین کا کہنا ہے کہ بھارت کا یوم جمہوریہ منانا دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف اور عالم انسانیت کے ساتھ مذاق سے کم نہیں‘ سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار طاقت کے بل پر وادی پر قابض ہیں‘ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریف کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی‘ میر واعظ عمر فاروق‘ محمد یاسین ملک اور سید صلاح الدین نے دی جبکہ دیگر آزادی پسند رہنمائوں نے اس کی حمایت کی ہے‘ کال کا مقصد عالمی برادری کو باور کرانا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق ‘حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کررہا ہے۔