نجکاری کے نام پر قومی اداروں کی بندر بانٹ کی جارہی ہے، سراج الحق

January 26, 2016 2:29 pm0 commentsViews: 34

آئینی اور جمہوری طریقوں کے مطابق ملک میں تبدیلی کی جدوجہد کررہے ہیں، امیر جماعت اسلامی
اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، ضلع جنوبی کے تحت تربیت گاہ سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی اداروں کو کرپشن اور بد انتظامی سے تباہ و برباد کرکے فروخت کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں‘ نجکاری کے نام پر قومی اداروںکی بندر بانٹ اور ملازمین بیروزگار کئے جارہے ہیں‘ ملک پر پاکستان کے دشمن بھارت سے دوستی کرنیوالوں کا راج ہے‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مسجد بیت المکرم اختر کالونی میں جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت دو روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن‘ عبدالواحدشیخ و دیگر نے بھی خطاب کیا‘ سراج الحق نے کہا کہ اسلامی پاکستان میں خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے‘ عوام اسلامی اور خوشحال پاکستان کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں‘ جماعت اسلامی آئینی اور جمہوری طریقوں کے مطابق ملک میں تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے‘ جماعت اسلامی نے اقامت دین کی جدوجہد کو اپنا مشن بنانااور اپنی زندگی کا نصب العین قرار دینا ہی ایک داعی کی زندگی کا مرکز و محور ہونا چاہئے۔