غازی گوٹھ میں، پولیس مقابلے میں 4دہشتگرد ہلاک، پولیس موبائل پر حملہ کرنیوالا کارندہ گرفتار

January 28, 2016 11:58 am0 commentsViews: 20

سچل کے علاقے میں مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان سے تھا، ایک دہشت گرد بم بنانے کا ماہر تھا
پیر آبادمیانوالی کالونی میں پولیس پر حملہ کرنے والاملزم پکڑا گیا، کارروائی کے دوران چوٹ لگنے سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا
کراچی(کرائم رپورٹر) ایس ایس پی ملیر کی سربراہی میں غازی گوٹھ میں چھاپے کے دوران دوبدو فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے،جن کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ایس ایس پی ملیر رائو انور کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں واقعہ غازی گوٹھ میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی ا طلاع پر ضلع ملیرکی بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مارا،جہاںچھپے دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش میں پولیس پر فائرنگ کی ،پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے،ایس ایس پی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ایس ایس پی رائوانوار کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں سے2دہشتگردوں کی شناخت خانیوال عرف خان ولی ،امیر اللہ محسودکے ناموں سے کی گئی جبکہ دوہشتگردوں کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی ہے ،مارے جانے والا خانیوال بم بنانے کا ماسٹر اور کالعدم تحریک طالبان کا کمانڈر بتایا جاتا ہے ،جبکہ امیر اللہ وزیرستان کا نائب کمانڈر تھا اور اس کے بھائی وزیرستان میں پولیس سے مقابلے کے دوران مارے جا چکے ہیں ہلاک ہونے والے تمام دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا اور دہشتگرد جرائم کی سنگین متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔پیر آباد کالونی میں پولیس موبائل پر مبینہ حملے کے بعد ہونے والے حملے کے بعد پولیس نے مقابلہ کر کے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ، پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سوات سے ہے اور کالعدم تنظیم کے کمانڈر کا قریبی ساتھی ہے۔کارروائی کے دوران چوٹ لگنے سے ایک اہلکار زخمی ہوا تاہم وہ خطرے سے باہر ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول برآمد کی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔