کراچی کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، آرمی چیف

January 28, 2016 11:58 am0 commentsViews: 24

عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی تباہی سے کراچی میں امن آیا ہے
کراچی میں کو رکمانڈر اجلاس کے دوران آرمی چیف کا رینجرز کو خراج تحسین، آپریشن سے متعلق آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی آپریشن بہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی سے پاک کرنے کی غرض سے کسی بھی حد تک جانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے بدھ کو کراچی کا دورہ کیا اور سیکیورٹی سے متعلق ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ کور فائیو ہیڈ کوارٹرز کراچی میں سیکورٹی صورتحال اور کراچی آپریشن سے متعلق چیف کی زیر صدارت اجلاس ہوا اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سمیت اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی آپریشن سے متعلق ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جب کہ امن و امان سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر بھر پور موقف دہراتے ہوئے کہا کہ کراچی کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے، شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کی تباہی سے کراچی میں امن آیا ہے۔ کراچی میں بے خوف معمول کی زندگی کی بحالی کو یقینی بنائیں گے۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کراچی میں رینجرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے دہشت گردی کے متعدد نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کیلئے کی جانے والی کامیاب کوششوں کو خاص طور پر سراہا تا کہ دہشت گردی کے انفرااسٹرکچر کو ختم کیا جا سکے۔