کالا پل سے منشیات کے عادی شخص کی لاش ملی ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

January 29, 2016 5:11 pm0 commentsViews: 15

کراچی( کرائم رپورٹر) کالا پل سے پولیس کو ایک منشیات کے عادی شخص کی لاش ملی، تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے کالا پل کے قریب قائم ماشاء اللہ ہوٹل کے قریب سے پولیس کو30 سالہ نا معلوم شخص کی لاش ملی پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا۔ پولیس کے مطابق متوفی نشے کا عادی اور نشے کی زیادتی کے باعث ہلاک ہوا، متوفی کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے۔

کورنگی میں جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار سے چار افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) کورنگی صنعتی ایریا میں جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود کورنگی ناصر جمپ کے قریب قائم مکان میں رہائش پذیر ایک ہی خاندان کے افراد میں گھریلو نا چاقی پر تصادم ہوگیا اس دوران لاٹھی، ڈنڈوں اور چھریوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد 22 سالہ دائود شاہ، 20 سالہ مسعود، 26 سالہ فضل اور 19 سالہ وقاص زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے افراد آپس میں رشتے دار ہیں تاہم فوری طور پر کوئی گرفتاری یا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔

ٹول ٹیکس کی وصولی پر جھگڑے میں خاتون سمیت2افراد زخمی
گھگھر کے علاقے میں جبری وصولی کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج، نیشنل ہائی وے بلاک کردی
کراچی (کرائم رپورٹر)کھگھرکے قریب سسی ٹول پلازہ پر جبری ٹول ٹیکس کی وصولی پر جھگڑا ، علاقہ مکینوں اور ٹول انتظامیہ نے ایک دوسرے پر لاٹھی اور ڈنڈوں سے وار کیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ، علاقہ مکینوں نے جبری ٹول ٹیکس کی وصولی کے خلاف نیشنل ہائی وے بلاک کرکے ٹول انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ،جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹائون کے علاقے گھگھر پھاٹک کے قریب سسی ٹول پلازہ انتظامیہ کی جانب سے جبری ٹول ٹیکس کی وصولی پر علاقہ مکینوںکے درمیان بات چیت ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ان لوگوں نے ایک دوسرے پر لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون 50 سالہ اور ایک مرد 30 سالہ زخمی ہوگیا، علاقہ مکینوں نے ٹول انتظامیہ کی جبری ٹول ٹیکس وصولی کے خلاف مین نیشنل ہائی وے کو بلاک کر ٹول انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں مذکورہ سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، پولیس واقعہ سے لاعلمی ظاہر کررہی ہے ،

ٹرک الٹنے اور نالے میں گرنے سے2 افراد جاں بحق
کراچی( کرائم رپورٹر)موچکو کے علاقے بلدیہ ٹاون رئیس گوٹھ میں تیز رفتاری کے باعث ٹرک نمبر JP,5680ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار ڈرائیور اور دو کلینر شدید زخمی ہو گئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ ایک کلینر24سالہ عمر خالد جاں بحق ہو گیا پولیس کے مطابق متوفی اسپارکو روڈ کا رہائشی تھا متوفی ڈرائیور کا چچا زاد بھائی تھا پولیس نے کارروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے ،نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے میں قائم نالے میں گر کر 28سالہ عبدالواحد جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو نکال کر اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے متوفی کے ورثاے بغیر کسی کارروائی کے اس کی لاش اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ علاقہ پولیس واقع سے لا علمی کا اظہار کر رہی ہے ،گلشن معمار کے علاقے احسن آباد چوکی اچار فیکٹری کے قریب ایک تیز رفتار نا معلوم موٹر گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شیر محمد زخمی ہو گیا مضروب سمن آباد تھانے میں تعینات ہے۔

رابعہ سٹی کے قریب کار پر فائرنگ، اسٹیٹ ایجنٹ قتل
ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے،واردات میں سائلنسر لگی پستول استعمال کی گئی، پولیس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہراہ فیصل تھانے کی حدود رابعہ سٹی کے قریب کار میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب کار میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 35سالہ ساجد ولد انور شاہ کے نام سے ہوئی ۔ پولیس کے مطابق مقتول رابعہ سٹی کے قریب قائم فلیٹس کا رہنے والا تھا اور اپنی کار میں کہیں جانے کے لیے نکلا اور جیسے ہی رابعہ سٹی کے قریب قائم موڑ پر اسکی اور دیگر گاڑیوں کی رفتار ہلکی ہوئی اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان آئے اور ان میں سے ایک ملزم موٹر سائیکل سے اترا اورفائرنگ کی انہوں نے بتایا کہ واردات کے بعد ملزم با آسانی فرار ہوگیا کیونکہ فائرنگ کی آواز کسی نے نہیں سنی اور ایسا لگتا ہے کہ ملزموں نے سائلنسر لگی پستول استعمال کی ، انہوں نے کہا کہ مقتول اسٹیٹ ایجنٹ تھا اور زمینوں کی خریدو فروخت کا کام کرتا تھا اور اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے تنازعات بھی چل رہے تھے انہوں نے کہا پولیس نے ایک خول نائن ایم ایم اپنی تحویل میں لے لیا ہے، مقتول کا آبائی تعلق کوہستان سے تھا۔پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔