پیپلز پارٹی کے لوگ قوم میں مایوسی پھیلارہے ہیں، چوہدری نثار

January 29, 2016 5:14 pm0 commentsViews: 21

اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے حکومت سے مک مکا کرکے اہم ترین عہدے کا بہت فائدہ اٹھایا ہے
جن سیاست دانوں نے اپنے دور حکومت میں کچھ نہیں کیا اور اینٹ سے اینٹ بجانے کی باتیں کیں آج وہ مجھے کنکروں سے مار رہے ہیں
پنجاب میں تعلیمی ادارے بند کرکے دہشت گردوں کا کام آسان کیا گیا، وفاقی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس
اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ چند عناصر اور پیپلز پارٹی کے لوگ قوم میں مایوسی پھیلا رہے ہیں اور وہ جو پیغام دے رہے ہیںاس سے دہشت گردی کے ایجنڈے کو تقویت مل رہی ہے۔ پنجاب میں تعلیمی ادارے بند کرکے دہشت گردوں کا کام آسان کیا گیا۔ کے پی کی حکومت نے اسکول بندنہ کرکے اچھی مثال قائم کی، دہشت گردی کے خلاف جنگ بندوق سے جیت لی ہے لیکن نفسیاتی طور پر ہار رہے ہیں۔ چوہدری نثار نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے حکومت سے مک مکا کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے حکومت وقت سے اہم ترین عہدے کا کیسے فائدہ اٹھایا وہ الگ کہانی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور اس میں سب سے اہم پہلو نفسیاتی ہے۔ لیکن پیپلز پارٹی کے چند مخصوص لوگ جو پیغام دے رہے ہیں وہ دہشت گردوں کے ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے نیٹ ورک توڑ دئیے گئے ہیں اس لئے وہ آسان ہدف کو نشانہ بناتے ہیں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کے حوالے سے بات کرنی ہے، اگر کرپشن کیسز کے حوالے سے تکلیف ہے تو وہ اس حوالے سے بات کرے اس کا جواب دینے کو تیار ہوں۔ اگر میں تنقید کرنا چاہوں تو ہماری مخالف جماعتیں بھی حکومت میں ہیں۔ میں نے کبھی ان پر تنقید نہیں کی، میں نے اشارہ تک نہیں دیا، ان کا کہنا تھا کہ ایک خاندان کے سب چھوٹے بڑے مجھ پر تنقید کر رہے ہیں، جن سیاستدانوں نے اپنے دور حکومت میں خود کچھ نہیں کیا ان کے دور میں کئی دھماکے ہوئے لیکن ان کا جواب یہی ہوتا تھا کہ ہم5 سال پورے کریں گے اور جو اینٹ سے اینٹ کسی اور کی بجانے نکلے تھے لیکن اب مجھے کنکریاں ما ررہے ہیں۔