سپرہائی وے پر 6ڈاکو بینک سے 42لاکھ روپے لوٹ کر فرار

January 29, 2016 5:24 pm0 commentsViews: 13

ملزمان سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اپنے ساتھ لے گئے، شک کی بنا پر سیکورٹی گارڈز زیر حراست
بینک میں داخل ہونے والے ملزمان میں صرف2کے پاس اسلحہ تھا جو موٹر سائیکلوں پر آئے تھے، ڈکیتی کی واردات 5منٹ میں ہوئی، پولیس حکام
کراچی(کرائم رپورٹر)سپرہائی وے پر واقع نجی بینک میں سال کی تیسری بینک ڈکیتی موٹر سائیکل سوار 6 ملزمان 42 لاکھ روپے سے زائد رقوم لوٹ کر فرار ہوگئے ،ملزمان فرار ہوتے ہوئے سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اپنے ساتھ لے گئے ، پولیس نے شک کی بنیاد پر سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق سال 2016کی تیسری بینک ڈکیتی سچل کے علاقے سپرہائی وے پر قائم جے ایس بینک میں ہوئی ،6 مسلح ملزمان جمعرات کی صبح9بج کر 45 منٹ میں بینک میں داخل ہوئے اور بینک کی سیکورٹی پر تعینات مستان سیکورٹی کمپنی کے گارڈز سے اسلحہ چھین کر بینک کے سیکورٹی گارڈ کو قابو کرکے بینک میں داخل ہوئے،ملزمان نے فوری طور پر کیش کائونٹر سے 42لاکھ15 ہزار 180 روپے ،بینک عملے کے اور کھاتیداروں کے 7 موبائل فون، بینک کی سیکورٹی پر مامور سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی ریکارڈنگ لے کر فرار ہوگئے ، اطلاع ملتے ہی، اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سربراہ ایس ایس پی فاروق اعوان، ایس ایچ او رانا حسیب ،فنگر پرنٹ ڈیپارٹمنٹ ، کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ،پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کی اس دوران پولیس نے بینک آپریشن منیجرطاہر ویگر عملے کے بیانات قلمبند کئے ،اس ضمن میں ایس ایچ او رانا حسیب کا کہنا ہے کہ بینک عملے کے مطابق6ملزمان9 بج کر 45 منٹ پر بینک میں داخل ہوئے اور5 منٹ کے دوران واردات کرکے فرارہوگئے ،ملزمان جاتے وقت سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی اپنے ساتھ لے گئے ،پولیس کاکہنا ہے کہ ملزمان موٹرسائیکلوں پر تھے انکا ایک ساتھی باہر کھڑا ہوا تھا جبکہ 5ملزمان بینک میں داخل ہوئے ،بینک میں داخل ہونے والے پانچ ملزمان میں سے صرف دو ملزمان کے پاس اسلحہ تھا، پولیس نے بینک کی سیکورٹی پر تعینات مستان سیکورٹی کمپنی کے گارڈ ز کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے ، سال کی پہلی بینک ڈکیتی 8 جنوری کو عوامی کالونی کے علاقے واقع الائیڈ بینک میں ہوئی تھی جس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان 13 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ،دوسری بینک ڈکیتی گلستان جوہر میں واقع جے ایس بینک میں ہوئی تھی ، جس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان پونے 4 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ، سال کی تینوں بینک ڈکیتیاں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کی ہے ، تینوں میں بینک ڈکیتیوں میں ایک ہی گروپ ملوث ہے ۔