وزیراعلیٰ کی گورنر سندھ سے ملاقات ‘جاری منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

January 29, 2016 5:30 pm0 commentsViews: 22

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے منگل کی شام گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جاری منصوبوں اور بعض اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبہ اور شہر میں قیام امن میں سیکیورٹی فورسز کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبہ میں آخری دہشت گرد تک آپریشن جاری رہے گا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ امن و امان کے قیام سے ہی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا اس ضمن میں تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے گورنر ڈاکٹر عشرت لعبادخان سے ان کے بڑے بھائی انوار العبادخان کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے دعائے مغفرت بھی کی۔ علاوہ ازیں گورنر ہائوس میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بڑے بھائی انوار العباد خان کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبے بھر سے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔