اقتصادی راہداری پر تحفظات کو دور کیاجائے گا، مشاہد حسین

January 29, 2016 5:35 pm0 commentsViews: 17

سیاسی قیادت اور صوبائی حکومتیں اس منصوبے کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں
تنازعات جنگوں سے نہیں ڈائیلاگ سے حل ہوتے ہیں، سیکریٹری جنرل ق لیگ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سیکریٹری جنرل اور پاک چین اقتصادی راہداری کی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کی علامت ہے‘ اس منصوبے کے حوالے سے صوبوں اور سیاسی قوتوں کے تحفظات کو دور کیا جائیگا‘ سیاسی قیادت اور صوبائی حکومتیں اس منصوبے کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں‘ ملکوں کے مابین تنازعات جنگوں سے نہیں ڈائیلاگ سے حل ہوتے ہیں‘ جنرل راحیل شریف کی جانب سے اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا اعلان اچھی روایت ہے‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو ڈیفنس میں طارق حسین کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کسی صوبے یا کسی جماعت کا نہیں بلکہ یہ ملک کی خوشحالی کا منصوبہ ہے‘ جس پر ہم سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا‘ یہ منصوبہ2015 ء سے2030 ء تک جاری رہے گا‘ اس منصوبے کی کامیابی سے ملک اور صوبوں کی تقدیر بدل جائیگی۔