راہداری منصوبے سے کراچی میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،گورنرسندھ

January 29, 2016 5:35 pm0 commentsViews: 19

معاشی طور پر مستحکم پاکستان خطے کی خوشحالی کی ضمانت ہے، ڈاکٹر عشرت العباد خان
سینیٹ کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید اور حاصل بزنجو سے ملاقات کے موقع پر گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ سے صوبہ سندھ میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی جس سے روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ 146 ارب ڈالرز لاگت سے شروع ہونے والا منصوبہ پاکستان میں معاشی انقلاب برپا کردیگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر مستحکم پاکستان خطے کی خوشحالی کی ضمانت ہے ملک کے اقتصادی حب کراچی میں اس منصوبہ سے معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں سینیٹ کی پاک چین اقتصادی راہداری کمیٹی کے چیئر مین سینیٹر مشاہد حسین سید اور کمیٹی ممبر سینیٹر میرحاصل بزنجو سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ146ارب ڈالرز لاگت سے شروع ہونے والے عظیم الشان منصوبہ اقتصادی راہداری کے تحت صوبہ سندھ میںمختلف منصوبے تشکیل دئے گئے ہیں ان میں نیوکلیئرپاور پروجیکٹ جھمپیر میں تعمیر کرنے والے ونڈ پاور پروجیکٹس، پورٹ قاسم میں توانائی کا میگا پروجیکٹ سمیت دیگر منصوبے بھی شامل ہیں انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ اس منصوبے سے چاروں صوبے یکساں مستفید ہوسکیں۔ ملاقات میں سینیٹر مشاہد حسین سید اور سینیٹر حاصل بزنجو نے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ان کے بڑے بھائی انوار العبادخان کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔