افغانستان کال کیے جانے پر لانڈھی جیل میں سرچ آپریشن، تین گھنٹے تک تلاشی

January 29, 2016 5:36 pm0 commentsViews: 43

حساس اداروں نے کال ٹریس کر لی، بیرکوں اور وہاں موجود قیدیوں کی تلاشی لی گئی
جیل کے تمام مقامات کو بھی چیک کیا گیا، سیکورٹی اداروں کو کوئی کامیابی نہ مل سکی
کراچی( کرائم ڈیسک) لانڈھی جیل سے مبینہ طور پر افغانستان کی جانیوالی موبائل فون کال کو حساس ادارے نے ٹریس کرلیا‘ کال ٹریس ہوتے ہی رینجرز اور حساس ادارے نے جیل میں سرچ آپریشن شرو ع کردیا‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ3 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے باوجود کامیابی نہیں مل سکی‘ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ممکن ہے اطراف کے علاقے سے کال کی گئی ہو‘ ذرائع کے مطابق حساس ادارے کی ایک ٹیم نے لانڈھی کے علاقے سے ایک موبائل فون کال ٹریس کی جو کہ افغانستان کی گئی تھی‘ کال ٹریس ہوتے ہی حساس ادارے نے ٹاور کو سرچ کیا تو وہ لانڈھی جیل سے متصل پایا گیا‘ ذرائع نے بتایا کہ ٹاور کی سرچنگ کے بعد حساس ادارے کے اہلکار اور رینجرز کی بھاری نفری لانڈھی جیل پہنچ گئی اور جیل کو اطراف سے گھیرے میں لینے کے بعد تمام بیرکوںکی تلاشی لینا شروع کردی‘ رینجرز نے بیرکوں میں موجود قیدیوں کی جامہ تلاشی بھی لی جبکہ جیل کے تمام مقامات کو بھی چیک کیا‘ واضح رہے کہ لانڈھی جیل کے اطراف میں درجنوں ایسی آبادیاں ہیں جہاں پر کالعدم تنظیموں کی موجودگی کے ٹھوس شواہد ملے ہیں۔