سعودی عرب:نماز جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش حملہ،4افراد جاں بحق

January 30, 2016 2:46 pm0 commentsViews: 16

مشرقی علاقے مہاسین میں ایک دہشت گرد نے خود کو مسجد کے باہر دھماکے سے اڑا دیا، دوسراگرفتار، تیسرا فرار ہوگیا
دبئی( یو پی پی) سعودی عرب میں مسجد پر خود کش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ18 زخمی ہوگئے، حکام کے مطابق واقعہ مشرقی کے ایک علاقے مہاسین میں پیش آیا۔ حملے کے وقت نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق انہوں نے 2 خود کش حملہ آوروں کے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی جس میں سے ایک نے خود کش دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا، عینی شاہدین کے مطابق ایک حملہ آور نے خود کو مسجد کے باہر دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جبکہ دوسرا حملہ آور مشین گن کے ساتھ مسجد کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ جسے نمازیوں نے دھر لیا، ایک عینی شاہدین کے مطابق مسجد کے اندر ایک نوجوان نے مسلح شخص کو قابو کیا اور اس کے بعد اسے فورسز کے حوالے کردیا، ایک عینی شاہدین نے برطانوی خبر رساں ادارے کو فون پر بتایا کہ ممکنہ طور پر تیسرا حملہ آور بھی موجود تھا۔ جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔