پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج جاری

January 30, 2016 3:13 pm0 commentsViews: 26

چوتھے روز جناح ٹرمینل تک پہنچ گئے اور دھرنا دیا، ریلی کے باعث ٹریفک معطل ہو گیا
مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،2 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہونے والے احتجاج کے چوتھے روز احتجاجی ملازمین جناح ٹرمینل تک پہنچ گئے اور دھرنا دیا، طویل ریلی کے باعث جناح ٹرمینل کو جانے والے راستوں کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور ملازمین کے احتجاج کے باعث دو پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جمعے کو صبح11 بجے پی آئی اے احتجاجی ملازمین نے ایک ریلی نکالی جو پی آئی اے ہیڈ آفس سے جناح ٹرمینل پہنچی جہاں ملازمین نے دو گھنٹے سے زائد دھرنا دیا اس موقع پر جناح ٹرمینل پر آنے والی گاڑیوں کو روک دیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو بھی انتظار کی زحمت اٹھانا پڑی، ریلی پی آئی اے ہیڈ آفس سے جناح ٹرمینل کو روانہ ہوئی تو بڑی تعداد میں افسران اور ملازمین کی تعداد موجود تھی ریلی جناح ٹرمینل پہنچی تو ایئر پورٹ پر کام کرنے والے پی آئی اے ملازمین بھی دفاتر اور کائونٹر بند کرکے دھرنے میں شریک ہوگئے، اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کیا اور احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔