سرجانی ٹائون‘ کچرا کنڈی سے30 سالہ شخص کی جھلسی ہوئی لاش ملی ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

January 30, 2016 4:24 pm0 commentsViews: 25

کراچی (کرائم رپورٹر)سرجانی ٹائون سے 30 سالہ شخص کی جھلسی ہوئی لاش ملی، تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹائون کے علاقے سیکٹر 5-F پاور ہائوس کے قریب واقع کچرا کنڈی سے 30 سالہ شخص کی جھلسی ہوئی لاش ملی ، اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا، اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے مقتول کو نامعلوم مقام سے اغواء کرنے کے بعد تشدد کرکے قتل کردیا اور لاش کی شناخت چھپانے کیلئے پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی ، جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لاش کو مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے۔

اورنگی ٹائون میں فائرنگ
کے واقعات‘2افراد زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹائون 16 نمبر رابعہ پیلس کے قریب 27 سالہ محمد توحید ولد محمد وحید زخمی ہوگیا، سولجر بازار کے علاقے جمن شاہ مزار کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ سلمان ولد امام بخش زخمی ہوگیا۔

سی ویو کے قریب ہائپر اسٹار بلڈنگ سے
کام کے دوران گر کر مزدور ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر)سی وی یو کے قریب واقع عمارت کی پانچویں منزل سے گر کر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن کے علاقے سی وی یو کے قریب واقع ہائپر اسٹار شاپنگ مال کی پانچویں منزل سے گر کر 30 سالہ عمران ولد سائیں ہلاک ہوگیا اطلاع ملتے ہی پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے جناح اسپتال پہنچایا اس ضمن میں ڈیوٹی افسر ذوالفقار کا کہنا ہے کہ متوفی ہائپر اسٹار بلڈنگ کی پانچویں منزل پر کام کررہا تھا کہ اس دوران پائوں سلپ ہونے کی وجہ سے گر کر ہلاک ہوگیا، وہ مذکورہ بلڈنگ میں رہائش پذیر تھا اور اسکا آبائی تعلق کشمور سے تھا پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔

حقانی چوک کے قریب چھت گرنے سے خواتین سمیت3 افراد زخمی
زخمیوں میں بہن بھائی شامل ہیں، پولیس اور ریسکیو اداروں کے رضا کاروں نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا
کراچی (کرائم رپورٹر)صدر حقانی چوک کے قریب چھت کا ایک حصہ گرگیا ملبے تلے دب کر دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق آرام باغ تھانے کی حدود صدر حقانی چوک کے قریب واقع رفیع بلڈنگ کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے اسکے ملبے تلے دب کر 45 سالہ شاہدہ دختر احمد دین، 15 سالہ قرۃ العین دختر مہتاب اور 32 سالہ عمران ولد احمد دین زخمی ہوگئے ، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اداروں کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ کر ملبے کے نیچے دبے زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال پہنچایا، اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دب کر بہن بھائی اور ایک نوجوان لڑکی معمولی زخمی ہوئی ہے ، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ۔