میگا لیدر شو کا مقصد دنیا کو پاکستانی مصنوعات سے روشناس کروانا ہے

January 30, 2016 4:22 pm0 commentsViews: 35

لیدر شو2016 میں ایشیاء اور یورپ سے500 سے زائد صنعتکار شرکت کر رہے ہیں، گلزار فیروز
کراچی( پ ر)پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلزار فیروز نے کہا ہے کہ ایکسپو سنٹر لاہور میں جاری دوسرے میگا لیدر شو 2016 میں پاکستان سمیت ایشیا اور یورپ سے 500سے زائد صنعتکار شرکت کررہے ہیں۔ میگا لیدر شو کا مقصد دنیا کو پاکستانی مصنوعات سے روشناس کروانا ہے۔ یہ میگا شو بنیادی طور پر پاکستانی مصنوعات کا تعارف ہے۔ گلزار فیروز نے کہا کہ پاکستانی برآمدات میں لیدر انڈسٹری دوسرے نمبر پر ہے ، پچھلے سال لیدر انڈسٹری نے 1.195 ارب ڈالر کی برآمدات کی جو پاکستانی برآمدات کا پانچ فیصد بنتا ہے،لیکن پاکستان میں بدقسمتی سے لیدر انڈسٹری حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران لیدر کی ایکسپورٹ 20فیصد سے بھی زیادہ گر چکی ہیں، پاکستان کا بین الاقوامی مارکیٹ میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لیدر انڈسٹری کو دی جانے والی مراعات میں اضافہ کیا جائے اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی طرح لیدر سیکٹر کے لئے بھی ری فنانس ریٹ3فیصد کیا جائے۔ تقریب میں سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار ملک، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ایس ایم منیر، ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم بھی موجود تھے۔