کراچی آپریشن سست نہیں ہوا دشمن کم رہ جائیں تو کارروائیاں بھی کم ہوجاتی ہیں،ڈی جی رینجرز

February 1, 2016 3:29 pm0 commentsViews: 29

ہمارا عزم ہے کہ کراچی کو پرامن شہر بناکررہیں گے ،میجر جنرل بلال اکبر
رینجرز کی سیٹنگ کسی سے نہیں صرف اپنے مشن سے ہے، کار ریلی کی تقریب سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ کراچی آپریشن سست ہوگیا ہے لیکن آپریشن سست نہیں ہوا، بلکہ اپنے مشن کے مطابق ہو رہا ہے نوری آباد میں حب کار ریلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رینجرز کی جانب سے کارروائیاں کم ہوں تو کچھ لوگوں کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ رینجرز کی سیٹنگ ہوگئی ہے تاہم میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ رینجرز کی سیٹنگ صرف اپنے مشن کے ساتھ ہے دشمن زیادہ ہوں تو کارروائی بھی زیادہ ہوتی ہے اور جب دشمن کم رہ جائیں تو کارروائیاں بھی کم ہوتی ہیں۔ ہمارا یہ عزم ہے کہ کراچی کو پر امن شہر بنا کر رہیں گے۔ ڈی جی رینجرز نے مزید کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کو غیر محفوظ بنانے والے گینگسٹر اور عسکری ونگز دہشت گردی کرتے ہیں۔ اس لئے عوام ایسے لوگوں پر نظر رکھیں جو دوسروں کا جینا مشکل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکورٹی کے مسائل نکل رہے ہیں اور رینجرز حالات بہتر کرنے میں اپنا کر دار ادا کرتی رہے گی تاہم امن و امان بہتر کرنے کیلئے دیگر اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ پاکستانی قوم کھیلوں سے محبت کرتی ہے اور کھیلوں کے انعقاد پر بھر پور سیکورٹی فراہم کیجائے گی۔ کار ریلی میں کراچی سمیت اندرون سندھ سے بھی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جبکہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے بھی ریلی میں گاڑی چلائی اور22کلو میٹر کا فاصلہ صرف32 منٹ میں طے کیا۔