آج صبح بغدادی سے کالعدم تنظیم کا کارندہ پکڑا گیا ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

February 1, 2016 3:38 pm0 commentsViews: 17

کراچی( کرائم رپورٹر) آج صبح بغدادی کے علاقے میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزم یاسین عرف ہو کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ ملزم لیاری میں مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا‘ ذرائع کے مطابق ملزم کا ساتھی محمد علی عرف ماما پریڈی پولیس مقابلے میں مارا جاچکا ہے۔

ایئرپورٹ سے آنیوالوں کو لوٹنے والا ڈکیت گروہ سمیت 17 ملزمان گرفتار
کھارادر میں سی سی ٹی وی کی مدد سے گروہ کے 4افرادپکڑے گئے، بغدادی میں پولیس مقابلہ ،بابالاڈلہ کے 2کارندے زیر حراست پیر آباد میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ
بریگیڈ کے علاقے میں 3ملزمان سے اسلحہ اور نارتھ ناظم آباد میں 2ڈاکوئوں سے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد، نیو کراچی ،تین ملزمان پکڑے گئے
کراچی( کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف تھانوں میں پولیس کی کارروائیاں، 17 ملزمان گرفتار، اسلحہ منشیات و دیگر سامان بر آمد، تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی کھارا در زیرک آفیسر نے کھارا در میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے بین الصوبائی ڈکیت گروہ جو کہ ایئر پورٹ سے آنے والوں کو لوٹتا تھا انہیں گرفتار کرلیا پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں اظہر میمن، حارث بلوچ اور رضوان بلوچ شامل ہیں۔ ملزمان نے کھارا در کے رہائشی امین نامی شخص کو ایئر پورٹ سے ریکی کے بعد کھارا در میں لوٹا تھا سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ ادھر بغدادی پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد2 ملزمان نیازی اور ابو بکر عرف عمرانی کی گرفتاری ظاہر کر دی اور اسلحہ اور منشیات بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ملزمان کو بابا لاڈلہ کا کارندہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ادھر بریگیڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان صفدر علی، محمد علی، اور اللہ گل کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ بر آمد کرلیا، شرافی گوٹھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان علی محمد، صدر الدین اور عارف کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بر آمد کرلی ہے۔ نارتھ ناظم آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوئوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور دو مسروقہ موٹر سائیکلیں بر آمد کرلیں پیر آباد پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر ایک منشیات فروش شوکت کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور 1100 گرام چرس بر آمد کر لی، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے تین ملزمان نادر علی، شکیل بروہی اور قربان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے پولیس نے منشیات بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔