عزیر بلوچ کی گرفتاری، زرداری نے رہنمائوں کو سیاسی محاز آرائی سے روک دیا

February 1, 2016 3:46 pm0 commentsViews: 36

سیاسی محاذ آرائی کسی طور پر پارٹی کے حق میں نہیں جائے گی، منفی بیانات سے گریز کیا جائے، زرداری کی رہنمائوں کو ہدایت
آصف زرداری وفاق کے ساتھ محاذ آرائی ختم کرانے کیلئے بھی متحرک ہوگئے، پیپلز پارٹی کے اسحاق ڈار کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے عذیر بلوچ کی گرفتاری کے بعد کے حالات کے پیش نظر پارٹی رہنمائوں کو تنبیہ کی ہے کہ سیاسی محاذآرائی کسی طور پر بھی پارٹی مفادات کے حق میں نہیں جائیگی‘ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری اور ان کے مسلسل قانونی نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں رہنے کے بعد اب عذیر بلوچ کی گرفتاری اور اس کی جانب سے ممکنہ منفی بیانات سامنے آنے کے خدشے کے پیش نظر معاملات اور حکومت سے تعلقات کو معمول پر لانا ہی پیپلزپارٹی کیلئے سود مند ہے‘ سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد اور دیگر ملک میںپیپلز پارٹی کی پارلیمانی عدم موجودگی میں پیپلز پارٹی قطعاً نہیں چاہتی کہ اس کے کسی جلد بازی کے فیصلے کی وجہ سے اس کی سندھ میں اکلوتی حکومت خطرے میں پڑجائے‘ زرداری نے خورشید شاہ اور رضا ربانی کو وزیراعظم سے ملاقات اور چوہدری نثار کیخلاف بیانات نہ دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے وفاق کے ساتھ حالات بہتربنانے کیلئے بیک ڈور مذاکرات شروع کردیئے‘ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور قومی اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن سمیت پیپلز پارٹی کی قیادت کے مابین سیاسی الزامات اور حملوں کے بڑھتے ہوئے سلسلے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونیوالی تلخی کو فی الفور ختم کرنے کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری متحرک ہوگئے ہیں‘ انہوں نے پارٹی کی تمام قیادت کو سیاسی درجہ حرارت کو بڑھانے سے روکتے ہوئے حکم جاری کیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں جاری مفاہمتی پالیسی کو آگے بڑھائیں اور معاملات افہام و تفہیم اور مذاکرات سے حل کریں‘پارٹی سربراہ آصف علی زرداری نے سینیٹر اعتزاز احسن کے قومی حکومت کے مطالبے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہیں کہ پیپلز پارٹی کی پالیسی کیخلاف ایسے کسی بھی مطالبے سے باز رہا جائے ‘ذرائع کے مطابق حالات کو معمول پر لانے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ پیپلزپارٹی کی قیادت نے بیک ڈور مذاکرات شروع کردیئے ہیںاور آئندہ چند روز میں اس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوجائیں گے۔