پیٹرول کی قیمت 30 روپے کرنے کیلئے پاسبان کا مظاہرہ

February 1, 2016 3:45 pm0 commentsViews: 39

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ترین سطح پر آنے کے باوجود صرف پانچ روپے کمی کرنا ظلم ہے
اشیاء خوردونوش کی قیمت بھی کم ہو سکتی ہیں اور مہنگائی کو بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے، طارق جمیل
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاسبان پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت30 روپے مقرر کی جائے‘ اس مطالبے کے حق میں پاسبان کے تحت اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت نائب صدر طارق جمیل کررہے تھے‘ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے‘ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عبدالحاکم قائد‘ جواد شیرازی و دیگر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ضروری ہے جس سے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بھی کم ہوسکتی ہیں‘ حکومت بتائے کہ وہ کس فارمولے کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی و بیشی کرتی ہے‘ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ترین سطح پر آنے کے بعد حکومت پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں صرف5 روپے کمی کی ہے جو کہ سراسر انصافی اور ظلم ہے‘ پاسبان رہنمائوں اور مظاہرے کے شرکاء نے مطالبہ کیا پیٹرول کی منصفانہ قیمت30روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔