پاکستان کا امن کراچی کے امن سے وابستہ ہے، گورنر سندھ

February 1, 2016 3:52 pm0 commentsViews: 31

کراچی میں امن وامان کی بحالی میں سیکورٹی اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے
آرٹس کونسل کراچی کا دل ہے اسے دھڑکتے رہنا چاہیے کوچہ ثقافت کی افتتاحی تقریب سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کادل کراچی ہے اور کراچی کا دل آرٹس کونسل ہے ، اس کو دھڑکتے رہنا چاہئے۔کوچہ ثقافت کے دوبارہ آغاز سے سیف الرحمن گرامی کی یاد تازہ ہوگئی۔ کراچی میں فن وثقافت کا میلہ کوچہ ثقافت کا بیج انہوں نے بویا تھا جس کو آج دوبارہ پروان چڑھایا جارہاہے۔ پاکستان کا استحکام کراچی کے امن کے وابستہ ہے۔نامساعد حالات کے باوجودسیکیوریٹی اداروں نے اپنا بھر پور کردار ادا کیااور بزنس کمیونٹی سے وابستہ شخصیات اور شہریوں نے بھی اداروں کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں کوچہ ثقافت کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ اس موقع پر کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ، صدر آرٹس کونسل پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، سیکریٹری آرٹس کونسل ڈاکٹر ہما میر، محمد احمد شاہ، امجد بخاری، کاشف گرامی، اقبال لطیف ، حسینہ معین ، ڈاکٹر فوزیہ خان، ڈاکٹر قیصر سجاد، منور سعید ، طلعت حسین ، راشد عالم،قدسیہ اکبر و دیگر بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ آرٹس کونسل کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ آرٹس کونسل مستحکم ہوگا تو کراچی بھی مستحکم ہوگا۔ کراچی کی ثقافتی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں آرٹس کونسل بھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔ اس وقت آرٹس کونسل میں مزید تعمیراتی کام جاری ہے جو کہ تقریبا دو ماہ میں مکمل ہوجائے گا جس کے بعد کراچی میں مزید معیاری تھیٹر ہوا کریں گے ۔ کمشنر کراچی کاکہنا تھاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ فن وثقافت کے ادارے کو پروان چڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں ۔

نواز شریف کراچی میں گرین لائن پروجیکٹ کا افتتاح کرینگے، گورنر سندھ
میٹرو بس کی طرز پر اس پروجیکٹ سے شہریوں کو بڑا فائدہ ہوگا، ڈاکٹر عشرت العباد
نئے ناظم آباد پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف میٹروبس کی طرز پر کراچی میں بھی گرین لائین پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو نئے ناظم آباد پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ایڈمرل عارف اللہ حسینی ، کراچی کنگز کے کھلاڑیوں ، تاجر و صنعتکاروں اور دیگر نے شرکت کی ۔گورنرسندھ نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم محمد نوازشریف کو کراچی کے ٹریفک کو بہتر بنانے کے لئے پروجیکٹ شروع کرنے کی درخواست کی تھی جو وزیراعظم نے منظور کی کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جلد کراچی میں بھی میٹروبس کی طرز پر گرین لائین پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے جو ایک سے ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا ۔ انہوں نے کہا گرین لائین سے پورا شہرمنسلک ہوگااور اس پروجیکٹ سے شہریوں کو بڑا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کے حوالے سے قانون نافذکرنے والے اداروں نے بڑی کوشش کی ہے جو قابل تحسین ہے ۔ گورنرسندھ نے اسپورٹس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپرلیگ میں جو بھی ٹیم جیتے گی دراصل وہ پاکستان کی ہی جیت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ سے کرکٹ اور دیگر اسپورٹس کی بحالی میں مدد ملے گی۔ تقریب سے ایڈمرل عارف اللہ حسینی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔