گلشن معمار،ڈانس پارٹی میں جانیوالی2لڑکیاں اور 2نوجوان اغواء، تاوان کی ادائیگی کے بعد رہائی

February 1, 2016 4:00 pm0 commentsViews: 37

سلیم اور فیضان نامی نوجوان دو لڑکیوں کو میمن فارم ہائوس میں ڈانس پارٹی کے لئے لے جارہے تھے
میمن موڑ کے قریب مسلح ملزمان نے اغواء کرلیا، رہائی سرچ آپریشن کے بعد عمل میں آئی ہے ،پولیس کا دعویٰ
کراچی( کرائم ڈیسک) گلشن معمار سے2 خواتین سمیت4 افراد کو اغواء کر لیا گیا۔ مغویوں کو بھاری تاوان لے کر رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مغویوں کی بازیابی سخت سرچ آپریشن کے بعد عمل میں آئی۔ تفصیلات کے مطابق سلیم، فیضان اور2 لڑکیاں میمن فارم ہائوس میں منعقدہ ڈانس پارٹی میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ میمن موڑ کے قریب3 مسلح ملزمان نے کار نمبرASB-126 کو روک کر اس میں سوار چاروں افراد کو اغواء کرلیا جبکہ اسی کار کے عقب میں چلنے والی دوسری کار میں سوار مغویوں کے دوستوں نے فوری طور پر اغواء ہونے والے دوستوں کو فون کیا تو ملزمان نے خود بات کی اور کہا کہ مغویوں کو قتل کرنے کے بعد لاشیں پھینک دیں گے اگر زندہ واپسی چاہتے ہو تو بھاری رقم کا انتظام کرو۔ ذرائع نے بتایا کہ دوستوں نے تمام کہانی مغویوں کے اہل خانہ کو بتائی جس پر اہل خانہ نے ملزمان سے بات شروع کی اور معاملہ ایک خطیر رقم پر طے ہونے کے بعد ملزمان کو سپر ہائی وے پر ایک مقام پر رقم پہنچا دی گئی جس کے بعد مغویوں کو رہا کیا گیا۔ دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اطلاع پر پولیس نے ساری رات سرچ آپریشن کے بعد انہیں اتوار کی صبح انور میمن گوٹھ سے بحفاظت بازیاب کروالیا۔ ایس ایچ او عرفان آصف نے بتایا کہ ملزمان نے اغواء کرنے سے قبل گاڑی پر فائرنگ بھی کی جبکہ مغویوں کو جنجال گوٹھ لے جایا گیا تاہم پولیس آپریشن کی وجہ سے مغویوں کو انور میمن گوٹھ منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی میں کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔