مسافر بس نے پولیس موبائل کو ٹکر مار دی، اہلکار جاں بحق ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

February 2, 2016 2:48 pm0 commentsViews: 16

حادثہ ناردرن بائی پاس پر تیز رفتاری کے باعث کار کو بچاتے ہوئے پیش آیا
پرانا گولیمار میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار زخمی ہو گیا
کراچی( کرائم رپورٹر) سرجانی تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس اٹک پیٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار مسافر بس نے ایک کار کو بچاتے ہوئے پولیس موبائل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موبائل بری طرح متاثر ہوئی اور ایک اہلکار35 سالہ شکیل احمد ولد موسیٰ شدید زخمی ہوگیا جسے عباسی اسپتال لایا گیا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گیا‘ ایس ایچ او سرجانی امتیاز میر کے مطابق متوفی حب پولیس کا اہلکار ہے اور حب سٹی تھانے کی پولیس موبائل کسی سرکاری کام سے جارہی تھی کہ حادثے پیش آیا‘ پولیس کے مطابق بس قبضہ اور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے‘ ادھر پاک کالونی تھانے کی پرانا گولیمار کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار سہیل احمد ولد احمد مختار زخمی ہوگیا۔

مچھر کالونی میں بیمار شخص نے
خودکشی کرلی‘ رزاق آباد میں کرنٹ
لگنے سے نوجوان ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) مچھر کالونی میں بیماری سے تنگ آکر ایک شخص نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی‘ رزاق آباد میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا‘ تفصیلات کے مطابق ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی بابر مسجد ٹی سی ایف اسکول کے قریب رہائش پذیر45 سالہ شیر ملوک ولد نذیر احمد نے گلے میں رسی کی مدد سے پھندا ڈال کر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی‘ اس ضمن میں ایس ایچ او تنویر حسین کا کہنا ہے کہ متوفی کئی سالوں سے بیماری میں مبتلا تھا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کرلی‘ پولیس نے کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی‘ شاہ لطیف کے علاقے رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے قریب لاشاری گوٹھ میں کے الیکٹرک کا ملازم کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 35 سالہ تنویر ولد خدا بخش جاں بحق ہوگیا‘ جس کی لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچایا‘ متوفی کے الیکٹرک کا ملازم بتایا جاتا ہے جو بجلی کے پول میں کام کے دوران جاں بحق ہوا‘ پولیس واقعے سے لا علمی ظاہر کررہی ہے۔

ڈکیتی مزاحمت اور فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) شہر میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں4 افراد زخمی ہوگئے، اورنگی ٹائون میں باپ کی فائرنگ سے بیٹا زخمی، جیکسن کے علاقے غائب شاہ مزار کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر40 سالہ کلیم جان ولد صالح محمد اور80 سالہ شہزاد ولد رحمت زخمی ہوگئے۔ بلال کالونی کے علاقے سیکٹر 5 میں ڈکیتی مزاحمت پر30 سالہ واثق بیگ ولد محمد منظور بیگ زخمی ہوگیا۔ مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹر10 مسلم آباد چوک پر جھگڑے کے دوران باپ کی فائرنگ سے 18 سالہ بیٹا عبدالقدیر ولد تنویر زخمی ہوگیا۔ اس ضمن میںSHO صابر خٹک کا کہنا ہے کہ مسلم چوک پر ٹرک ڈرائیور طفیل پر تنویر نے جھگڑے کے بعد فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اس کا بیٹا عبدالقدیر زخمی ہوگیا۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

اتفاقیہ گولی چلنے سے رینجرز کا سپاہی ہلاک، خودکشی کی، پولیس
ایئرپورٹ آئوٹر سگنل پر کھڑی موبائل میں اچانک گولی چل گئی، سینے میں لگنے سے 30 سالہ مثال جان اسپتال میں دم توڑ گیا
رینجرز اہلکار نے اپنے نائن ایم ایم پسٹل سے خود کو گولی ماری، ڈی ایس پی ایئر پورٹ رینجرز حکام واقعہ پر خاموش
کراچی( کرائم رپورٹر) ایئر پورٹ آئوٹر سگنل کے قریب رینجرز موبائل میں سوار اہلکار اتفاقیہ گولی چلنے سے جاں بحق ہوگیا۔ رینجرز اہلکار نے خود کشی کی ہے۔ ڈی ایس پی ایئر پورٹ، تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹ آئوٹر سگنل کے قریب کھڑی رینجرز موبائل میں اچانک گولی چلنے کے نتیجے میں سینے پر گولی لگنے سے رینجرز اہلکار 30 سالہ مثال جان خان شدید زخمی ہوگیا جسے ساتھی اہلکاروں نے فوری طبی امداد کیلئے نجی اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دوران علاج دم توٖڑ گیا۔ ڈی ایس پی ایئر پورٹ افتخار لودھی کا کہنا ہے کہ رینجرز اہلکار نے اپنے9 ایم ایم پستول سے خود کو گولی ماری ہے تاہم رینجرز کے افسران رات گئے تک کسی بھی تفتیش سے آگاہ نہیں کر رہے ہیں تاہم جب اس سلسلے میں رینجرز ترجمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کا موبائل فون بند تھا۔