کالعدم تنظیم کے کمانڈر ، 2بھتہ خور ،کارلفٹر سمیت 9ملزمان گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

February 2, 2016 2:50 pm0 commentsViews: 20

کورنگی میں فیکٹری مالک سے 10لاکھ بھتہ مانگنے والے 2ملزمان بھتے کی پرچیوں اور اسلحہ سمیت پکڑے گئے
کارلفٹر کے قبضے سے چوری شدہ گاڑیاں برآمد، این ای ڈی یونیورسٹی میں2طلبہ تنظیموں میں تصادم ،5افراد زخمی 6طلبہ گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) قانون نافذ کرنیوالے اداروں‘ اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس‘ اینٹی کار لفٹنگ سیل اور پولیس نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر‘ دو بھتہ خور‘ کار لفٹر سمیت9 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور3گاڑیاں برآمد کرلیں‘ تفصیلات کے مطابق ایس آئی یو پولیس نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے 2بھتہ خور شیخ عالم اور ریحان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور بھتے کی پرچیاں برآمدکرلی‘ اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے10 سے 15 روز قبل کورنگی میں فیکٹری کے مالک محمدعلی سے10لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا اور بھتہ نہ دینے پر فیکٹری کے مالک محمد علی کی کار پر کورنگی صنعتی ایریا میں فائرنگ بھی کی تھی‘ گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے‘ اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اصغر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چوری شدہ تین گاڑیاں برآمد کرلی‘ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے‘ صدر پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش جاوید‘ مفرور ملزم محمد شہزاد اور دو ملزمان عبدالہادی اور فدائے رحمن کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا‘ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے‘ ابراہیم حیدری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ہاشم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا‘ رات گئے کالعدم جماعت کے کارندوں کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز نے شیر شاہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے2 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

کھارادر میں مقابلہ‘ پولیس وین کو نشانہ بنانے والے ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کھارادر پولیس نے دوران گشت کھارادر اور جوڑیا بازار سے دو موٹر سائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا‘ ملزمان کے نام محمد اعراہیم عرف احمد ولد محمد صدیق اور محمد اشرف ولد عبدالقادر ہیں۔ملزمان سے دو ٹی ٹی پستول گولیاں‘موٹر سائیکل برآمد ہوئی‘ ملزمان نے دوران تفتیش متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا اعتراف کیا ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

افغان باشندوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے والے نادرا افسران گرفتار
گرفتار کیے جانے والے دونوں افسران کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے حراست میں لیا ہے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی( ایف آئی اے) نے دو مختلف کارروائیوں میں افغان باشندوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادرا کے2 افسران کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے نادرا ملیر کے ایگزیکٹو آفیسر عبداللہ کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لئے گئے افسر نے افغان باشندے عجب خان کو پاکستان کا قومی شناختی کارڈ جاری کیا تھا جس کے بعد افغان باشندہ پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرکے سعودی عرب روانہ ہوگیا، دوسری کارروائی میں ایف آئی اے نے نادرا کے افسر عابد سرفراز کو بھی حراست میں لیا گیا جس پر غیر ملکی باشندے خائستہ خان کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کا الزام ہے۔