بچوں کو ڈرا کر اسکول جانے سے روکنے والوں کو شکست دینگے، وزیراعظم

February 2, 2016 3:09 pm0 commentsViews: 27

دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے سے ڈھونڈھ کر انجام تک پہنچایا جائے گا، نیشنل ایکشن پلان سے ایک انچ بھی نہیں ہٹیں گے
وزیراعظم ہائوس میں سیاسی و عسکری قیادت کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان مزید مؤثر بنانے پر مشاورت کی گئی
اسلام آباد( آن لائن) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ بچوں کو ڈرا کر اسکول جانے سے روکنے والوں کو شکست دے کر دم لیں گے، دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے سے ڈھونڈ کر انجام تک پہنچایا جائے گا۔ قومی لائحہ عمل سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پیر کے روز وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں سیاسی و عسکری قیادت کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، لیفٹیننٹ جنرل رضوان رختر، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ و دیگر سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان، آپریشن ضرب عضب سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور اسے مزید موثر بنانے پر مشاورت کی گئی۔ حکام کی جانب سے وزیر اعظم کو نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی، آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بہت نقصان پہنچا ہے اور تمام بڑے ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے ہیں ملک میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک ٹوٹ چکے ہیں۔ اب مٹھی بھر دہشت گرد غاروں میں چھپے ہوئے ہیں۔ جنہیں غاروں میں گھس کر مارا جا رہا ہے۔