منی لانڈرنگ کیس، الطاف حسین آج عدالت میں پیش نہیں ہونگے

February 2, 2016 3:11 pm0 commentsViews: 20

لندن پولیس نے الطاف حسین سمیت6 ملزمان کی ضمانتوں کے نوٹس منسوخ کر دیے، الزامات سے بری نہیں کیا گیا
الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس سے بری کر دیا گیا آج ان کو پاسپورٹ واپس مل جائے گا، ایم کیو ایم کا دعویٰ
کراچی میں نائن زیرو پر کارکنوں اور رہنمائوں کے بھنگڑے آج جشن منایا جائے گا
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین اور دیگر5 افراد کے خلاف لندن میں درج منی لانڈرنگ کیس میں تمام افراد کی ضمانتوں کے نوٹس منسوخ کر دئیے گئے لیکن اس کیس میں انہیں الزامات سے بری نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرد جرم کیلئے شواہد ناکافی ہیں دوسری جانب ایم کیو ایم نے دعویٰ کیا ہے کہ قائد تحریک کو منی لانڈرنگ کیس سے بری کر دیا گیا ہے جبکہ آج ان کا پاسپورٹ بھی واپس کر دیا جائے گا۔ میٹرو پولیٹن پولیس کے مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں ملوث6 افراد کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ ان کی ضمانتوں کے نوٹس منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق لندن پولیس نے اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ6 افراد کی ضمانت سے رہائی کا مطلب یہ نہیں کہ ان کے خلاف مزید کارروائی نہیں کی جائے گی۔ کیس کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس کا مطلب یہ بھی نہیں ہوگا کہ انہیں پولیس کی طرف سے دی گئی تاریخوں پر پولیس کے تفتیشی عملے کے سامنے پیش نہیں ہونا پڑے گا۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں بری کر دیا گیا ہے۔ انہیں آج پولیس اسٹیشن میں پیش ہونے کی ضرورت نہیں جبکہ انہیں پاسپورٹ بھی آج واپس کر دیا جائے گا۔ ندیم نصرت نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن پولیس نے بتایا کہ ان کے پاس خاطر خواہ ثبوت نہیں، الطاف حسین کو پاسپورٹ واپس کئے جا رہے ہیں، پاکستان میں سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے گئے۔ لندن میں عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے الطاف حسین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے نائن زیرو پر جشن منایا گیا۔ حیدر عباس رضوی سمیت دیگر رہنمائوں نے بھنگڑے ڈالے اور ارم فاروقی نے نغمہ سرائیکی کی۔ آج بھی جشن منایا جائے گا۔ کارکنوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔