دبائو کام کرگیا، حکومت نے پیٹرولیم قیمتوں میں مزید 5روپے کمی پر غور شروع کردیا

February 2, 2016 3:12 pm0 commentsViews: 18

معمولی کمی پر ملک گیر سخت ردعمل ،سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی قرارداد وں کی منظوری کے بعد اعلیٰ حکومتی شخصیات نے وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو ٹاسک دیدیا
3سے 5روپے کمی کیلئے وزارت پیٹرولیم اور اوگرا نے سرجوڑ لئے، مشاورت پر تیار ہونیوالی سمری جلد منظوری کیلئے وزیراعظم کو ارسال کردی جائے گی
لاہور( یو پی پی) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی پر ملک گیر سخت رد عمل کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ نظر ثانی کرکے3 سے5 روپے فی لیٹر مزید ریلیف دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی قرار دادوں اور ملک بھر سے آنیوالے زبردست رد عمل کے بعد اعلیٰ حکومتی شخصیات کی ہدایت پر وزارت پیٹرولیم نے اوگرا سے مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 3 سے5 روپے کمی کرنے کیلئے سر جوڑ لئے ہیں۔ جس کے بعد امکان ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں مشاورت سے تیا رہونیوالے سمری وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو بھیج دی جائیگی۔ پیٹرولیم مصنوعات پر35 فیصد سیلز ٹیکس، پی ڈی ایل کی مد میں13 فیصد وصولی سمیت تمام تحفظات کا ازالہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی پر حکومتی حلقے بھی مطمئن نہیں ہیں ۔ یہ بات اعلیٰ پارٹی قیادت تک محسوس کی جا رہی تھی۔