تحریک انصاف کا 6فروری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

February 2, 2016 3:15 pm0 commentsViews: 23

حکومتی پالیسیوں کے با عث عوام مشکلات کا شکار، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ لوگوں کو نہیں پہنچایا گیا
اورنج لائن منصوبے سے عام آدمی پر بوجھ بڑھایا جارہا ہے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا مک مکا نہیں چلنے دینگے، عمران خان
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف نے حکومتی اقدامات کے باعث عوام کی بڑھتی ہوئی اقتصادی بد حالی کے خلاف6 فروری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ، عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے اجلاس میں حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی عوامی مشکلات کا جائزہ لیا گیا،۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں تحریک انصاف بت معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا، اعلامیے میں کہا گیا ہے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچایا گیا جس سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اورنج لائن منصوبے سے بھی عام آدمی پر بوجھ بڑھایا جا رہا ہے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیکس چوروں کیلئے بنائی گئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم اور مشترکہ مفاد کونسل کی منظوری کے بغیر نجکاری کے عمل پر بھی احتجاج کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق احتجاج کے حوالے سے تفصیلی اعلان عمران خان آج پریس کانفرنس میں کریں گے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا مک مکا نہیں چلنے دیں گے کارکن انتخابات کی تیاریاں کریں آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی۔ چیئر مین پی ٹی آئی نے گزشتہ روز پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود سے ملاقات میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔