سندھ اسمبلی،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے قرارداد منظور

February 2, 2016 3:21 pm0 commentsViews: 17

قراردادوزیرتعلیم نثار کھوڑو اور ایم کیو ایم کے محمد حسین خان کی طرف سے پیش کی گئی تھی
عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا گیا، اراکین کی مذمت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ لوگوں کو پہنچایا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں ۔ یہ مطالبہ ایک متفقہ قرار داد کے ذریعہ کیا گیا ، جو پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں منظور کی گئی ۔ یہ قرار داد سینئر وزیر تعلیم اور پارلیمانی امور نثار احمدکھوڑو او ر ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین خان کی طرف سے پیش کی گئی تھی ۔ قرار داد پر دیگر ارکان کے بھی دستخط تھے ۔ نثار احمد کھوڑو کی طرف سے پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کہ ’’ یہ اسمبلی وفاقی حکومت کے اس بے رحمانہ اور بے محل رویہ کی مذمت کرتی ہے کہ اس نے پٹرولیم کی بین الاقوامی قیمتوں کا حقیقی فائدہ شہریوں تک منتقل نہیں کیا ۔ یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ پٹرول کی قیمتیں40 روپے فی لیٹر مقرر کی جائیں جبکہ اسی تناسب سے دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی مقرر کی جائیں ۔ ‘‘ محمد حسین خان کی پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کہ ’’ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں کے تناسب سے پاکستان میں بھی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ عام لوگوںکو ریلیف دیا جا سکے ۔‘‘