ایم کیو ایم نے کراچی سمیت ملک بھر میں یوم تشکر منایا

February 3, 2016 2:18 pm0 commentsViews: 17

قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے اجتماعات، قائد تحریک کے سر خرو ہونے پر شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) لندن میں منی لانڈرنگ کیس میں بانی و قائد تحریک الطاف حسین کے سر خرو ہونے اور اپنے موقف پر سچا ثابت ہونے کی خوشی میں منگل کے روز کراچی سمیت ملک بھر میں ایم کیو ایم کے تحت یوم تشکر منایا گیا اور شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے، یوم تشکر کے سلسلے میں اندرون سندھ، صوبہ پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخو ا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایم کیو ایم کے دفاتر پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں الطاف حسین کی درازی عمر، صحت و تندرستی اور ناگہانی آفات سے بچائو کیلئے دعائیں کی گئیں۔ دریں اثناء ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کی لندن میں جاری منی لانڈرنگ کے الزام کی تفتیش کے سلسلے میں ضمانت اور پولیس اسٹیشن جانے کی پابندی ختم ہونے کی خبر سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود الطاف حسین کے چاہنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انٹر نیشنل سیکریٹریٹ اور نائن زیرو پر ملک بھر سے کارکنان اور عوام کی جانب سے تہنیتی پیغامات، دعائوں اور نیک تمنائوں کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔ فیکس، ای میل، ٹیلی فون، فیس بک، ٹوئٹر، گوگل سمیت مختلف ذرائع سے ڈاکٹرز، انجینئرز طلبہ، اساتذہ کرام، سماجی کارکنان، فنکاروں، اداکاروںِ و گلوکاروں، علماء کرام، قانون دانوں، صحافیوں، کھلاڑیوں، سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے ۔