ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ سے2 ہفتے میں تجاوزات ہٹانے کی ہدایت

February 3, 2016 3:41 pm0 commentsViews: 39

گڈز ٹرانسپورٹرز کے تحفظ کیلئے ناردرن بائی پاس اور نیشنل ہائی وے تا سپر ہائی وے پولیس چوکیاں بنائی جائیں گی
ٹرانسپورٹرز ملک کی معیشت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، کمشنر کراچی کی وفد سے بات چیت
کراچی (سٹی رپورٹر)کمشنر کراچی آصف حیدر نے کہا ہے کہ ٹرانسپوٹرز حضرات کا ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں بڑا اہم کردار ہے ، ا ن خیالات اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں گڈز ٹرانسپورٹرز الائینس کے اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا ، اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس ایڈمن غلام سرور جمالی ، ڈی آئی جی موٹروے ولی اللہ دل، ڈپٹی کمشنر ضلع غربی آصف جمیل ، ایس ایس پی ٹریفک پولیس شرقی ، ڈائریکٹر منصوبہ بندی وماحولیات سید محمد شکیب ، سیکریٹری آر ٹی اے منشاد شاہانی ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل شاہ زیب شیخ ، کسٹم، کے پی ٹی کے افسران کے علاوہ گڈز ٹرانسپورٹرزالائینس کے جنرل سیکریٹری شعیب خان ودیگر عہدیداران اور افسران شریک تھے ۔ اس مو قع پر کمشنر کراچی کی جانب سے گڈز ٹر انسپو رٹرز کی پارکنگ کے لئے ناردرن بائی پاس کے مقام پر 250ایکڑ اراضی دینے کابھی اعلان کیا اور انہوں نے کہاکہ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ سے تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اوردو ہفتوں کے اندر ٹرک اسٹینڈ پر تجاوازت سے خاتمے کے پہلے فیزکا پہلا مر حلہ مکمل کرلیا جائے گا ،انہوں نے مزید کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے تحفظ کے لئے ناردرن بائی پاس اور نیشنل ہائی وے تا سپر ہائی وے لنک روڈ کے مقام پر پولیس کی چوکیاں قائم کی جائینگی ، انہوں نے مزید کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی از خود حفاظت کے لئے ٹرانسپورٹرز ایسوی ایشن کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعدگڈزٹرانسپورٹرز کو اسلحہ لائسنس جاری کئے جائینگے ۔