درسگاہوں کو دہشتگردوں سے بچانے کیلئے فول پروف سیکورٹی کا حکم

February 3, 2016 3:42 pm0 commentsViews: 17

تمام جامعات میں بائونڈری وال سے واک تھرو گیٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے سیکورٹی چیک پوسٹ اور واچ ٹاورز لگائے جائیں
سیکورٹی ماہرین کی ٹیمیں جلد ہی تمام سرکاری جامعات کا دورہ کریں گی، گورنر سندھ کی جامعات کے اساتذہ سے بات چیت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ اور صوبہ کی سرکاری جامعات کے چانسلر ڈاکٹر عشرت العبادخان نے تمام وائس چانسلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ درسگاہوں میں جامع اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائیں تاکہ دہشت گردی کے کسی ممکنہ واقعہ سے بچا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ کے سرکاری شعبہ کی جامعات کے وائس چانسلرز اور ڈائریکٹرز آئی بی ایز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید اور ایڈوائزر ہائر ایجوکیشن و میڈیا سید وجاہت علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں کہا کہ تمام جامعات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ضرورت کے مطابق بائونڈری وال، واک تھرو گیٹ، سی سی ٹی وی کیمرے، سیکیورٹی چیک پوائنٹس اور واچ ٹاورز بنائے جائیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے محفوظ رہا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ماہرین کی ٹیم جلد ہی تمام سرکاری جامعات کا دورہ کرے گی اور وہاں درکار سیکیورٹی اقدامات کے بارے میں مفصل رپورٹ بھی تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کے اساتذہ کے پروموشن اور دیگر امور کے بارے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پی ایم ڈی سی و پی ایم وی سی سے مشاورت کے بعد یکساں طور پر نافذہونے والی پالیسی بنائی جائے گی۔