سندھ اسمبلی کا اجلاس، نثار کھوڑو اور نصرت سحر عباسی میں جھڑپ

February 3, 2016 3:43 pm0 commentsViews: 28

اپوزیشن کی جانب سے ضمنی سوالات پوچھنے پر وزیر تعلیم برہم ہوئے، تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں منگل کو سینئر وزیر تعلیم اور پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو اور مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔ نصرت سحر عباسی نے ضمنی سوالات پوچھتے ہوئے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ کئی سالوں کے بعد سوالوں کے مکمل جواب نہیں دیئے گئے ۔ متعلقہ وزیر تیاری کرکے نہیں آئے ۔ نثار احمد کھوڑو نے اس پر اعتراض کیا اور کہا کہ یہ ضمنی سوال نہیں ہے ۔ میری اہلیت کے بارے میں ریمارکس دیئے جا رہے ہیں ۔ اسپیکر نے نصرت سحر کے ریمارکس حذف کر دیئے ۔ سینئر وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے اسمبلی کے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی سوالوں پر نہ تو تقریریں کی جا سکتی ہیں توہین آمیز ریمارکس بھی نہیں دیئے جا سکتے اور کسی کے کردار پر بھی بات نہیں کی جا سکتی ۔ اسپیکر ارکان کو ایسی باتوں سے روکیں ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ ارکان قواعد و ضوابط کی پابندی کریں ۔