دبئی میں پاکستان سپر لیگ کا میلہ سج گیا، رنگا رنگ افتتاحی تقریب یادگار بن گئی

February 5, 2016 1:49 pm0 commentsViews: 24

علی ظفر اور دیگر فنکاروں کی عمدہ پرفارمنس ،پی ایس ایل کی ٹرافی ایک غبارے کے ذریعے شاندار طریقے سے اسٹیج پر اتاری گئی
کھلاڑی گراؤنڈ میں داخل ہوئے تو پرتپاک استقبال کیا گیا، آئندہ تین سال بعد لیگ پاکستان میں ہوگی، شہریار خان
دبئی( اسپورٹس ڈیسک) پاکستانی شائقین کیلئے کرکٹ کا طویل انتظار ختم ہوا جب دبئی میں پاکستان سپر لیگ کا میلہ سج گیا رنگ اور نور کی برسات میں افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں نغمات بھی کانوں میں رس گھولتے رہے۔ جن پر کھلاڑی بھی رقص کرتے دکھائی دئیے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی شیخ مبارک النہیان تھے جبکہ اہم شخصیات میں آئی سی سی حکام کے علاوہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو بھی نمایاں ہیں۔ چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے پی ایس ایل کے کامیاب آغاز کیلئے تعاون کرنے والے افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے سیکھنے کیلئے ایک اچھا پلیٹ فارم ہے اور امید ہے کہ آئندہ برسوں میں یہ پاکستان میں بھی کھیلا جائے گا اور ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ ایونٹ کے دوران شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ابھی پی ایس ایل کا انعقاد ممکن نہیں مگر وعدہ ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل کے دو میچز پاکستان میں ہوں گے اور تیسرے سال اپنا بوریا بستر اٹھا کر پاکستان کا رخ کریں گے۔ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب نے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا رنگ جما دیا جب پی ایس ایل کی ٹرافی ایک غبارے کے ذریعے شاندار طریقے سے اسٹیج پر اتاری گئی۔ ایونٹ کی پانچویں فرنچائز کے کھلاڑی جب یکے بعد دیگرے موسیقی کی مدھر تانوں میں گراؤنڈ میں داخل ہوئے تو وہاں موجود شائقین کا جوش و خروش عروج کو پہنچ چکا تھا۔ گرین مین گروپ اور معروف سنگر سین پال کی پارفارمنس پر ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی اور ڈوین براوو جھومتے ہوئے دکھائی دئیے جبکہ کرس گیل اور ڈووین براوو کا سین پال کے ساتھ اسٹیج پر رقص بھی ایک قابل دید نظارہ تھا۔ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے بھی اس کے بعد اپنے فن کا مظاہرہ کرکے شائقین کرکٹ کو محفوظ کیا جبکہ مختلف گروپس کی جانب سے ڈانس پر فارمنس بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی، رمیز راجہ کا بھی یہی کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب انتہائی شاندار رہی جو دنیا بھر میں کسی بھی ایونٹ کی افتتاحی تقریب جیسی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں شامل پانچوں ٹیموں میں دنیا کے بہترین کھلاڑی کھیل رہے ہیں اور امید ہے کہ شائقین کو بھر پور مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔