ڈی ایچ اے لاہور کو ترقیاتی اخراجات کے نام پر 90 کروڑ روپے نہیں دیے جائینگے

February 5, 2016 1:47 pm0 commentsViews: 19

اورنج ٹرین منصوبے کی زد میں آنے والے پراپرٹی کے کرایہ داروں کو 10 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے،صدیق الفاروق
لاہور( پ ر) متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیرء مین صدیقی الفاروق نے کہا ہے کہ اورنج ٹرین منصوبے کی زد میں آنیوالی پراپرٹی کے کرایہ داروں کو10 لاکھ روپے فی خاندان امدادی دی جائے گی۔ ڈی ایچ اے لاہور کو ترقیاتی اخراجات کے نام پر90 کروڑ روپے نہیں دئیے جائیں گے۔ ڈی ایچ اے کو سودا منظور نہیں تو اراضی واپس کر دے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمپ آفس 22 زمان پارک میں بورڈ ممبران کے 296 ویں اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ چیئر مین بورڈ صدیق الفاروق نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے ڈی ایچ اے کو بورڈ پراپرٹی کے عوض33 فیصد پلاٹ دینے کا حکم دیا تھا، ڈی ایچ اے نے ان پلاٹوں کی ڈویلپمنٹ کے نام پر90 کروڑ روپے مانگے ہیں۔ وزارت قانون سے مشاورت کے بعد ڈی ایچ اے کو رقم نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اور اس بارے میں ڈی ایچ اے کو آگاہ کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اورنج لائن منصوبے کی زد میں بھی بورڈ کی پراپرٹی آرہی ہے۔ اس پراپرٹی کے کرایہ داروں کو 10 لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا جائے گا، جبکہ پراپرٹی کی قیمت بورڈ کو ادا کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لاہور میں اے کیو خان اسپتال کیلئے80 کروڑ مالیت کی16 کنال اراضی دینے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ چیئر مین بورڈ نے بتایا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ایک ٹور آپریٹر کی طرف سے پیشکش آئی ہے۔ ٹور آپریٹر غیر ملکی ہندوؤں اور سکھوں کو بین الاقوامی سطح کی سہولیات مہیا کرے گا اور وہ اپنے مذہبی مقامات پر حاضری دے سکیں گے۔