عزیر بلوچ کی گرفتاری پر گینگ وار خوفزدہ،بابا لاڈلہ کا کمانڈر درجنوں کارندوں سمیت لیاری سے فرار

February 5, 2016 1:53 pm0 commentsViews: 20

عزیر کے زیر اثر علاقوں سے کمانڈر بلال اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ پاک کالونی ،ریکسر لائن اور گولیمار سمیت دیگر محفوظ علاقوں میں جا چھپا ہے
لیاری گینگ وار کے کارندوں نے خاموشی سے انٹری ڈال دی، کسی مزاحمت کا سامنا نہیں ہوا، لیاری کے دیگر گروپوں نے علاقے پر اپنا قبضہ مضبوط کرنا شروع کردیا
کراچی( کرائم رپورٹر) عذیر بلوچ کی گرفتاری کے بعد اس کے زیر اثر علاقوں سے اہم کمانڈر اور کارندے تیزی سے نکلنے لگے، پاک کالونی، ریکسر لین اور گولیمار کے علاقوں میں بابا لاڈلہ کا کمانڈر بلال درجنوں مسلح کارندوں کے ساتھ آکر بیٹھ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری اور ٹرانس لیاری کے علاقوں میں گینگ وار کی صورتحال میں تیزی سے تبدیلی آنے لگی ہے۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں طویل عرصہ سے کنٹرول سنبھالے ہوئے بابا لاڈلہ گروپ کے خلاف مزاحمت کرنے والے عذیر بلوچ کے کارندے لیاری سے نکل کر چھپنے کیلئے مواچھ گوٹھ، بلدیہ ٹاؤن، ڈالمیا، شانتی نگر، محمود آباد، چنیسر گوٹھ، ملیر، بکڑا پیڑی، آسو گوٹھ اور شرافی گوٹھ میں قائم خفیہ ٹھکانوں کا رخ کر رہے ہیں اس صورتحال میں بابا لاڈلہ کے اہم کمانڈر بلال نے ٹرانس لیاری کے علاقے ریکسر لائن، پاک کالونی، گٹر باغیچہ، بلوچ پاڑہ، اور گولیمار میں درجنوں مسلح کارندوں کے ساتھ خاموشی سے انٹری ڈال دی ہے، جنہیں کسی مزاحمت کا سامنا نہیں ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دیگر گروپ خاموشی سے اپنا قبضہ مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔