کراچی یونیورسٹی میں اجلاس، ونگ کمانڈر بھٹائی رینجرز کی شرکت

February 5, 2016 2:11 pm0 commentsViews: 19

سیکورٹی کے حوالے سے کیے جانے والے عملی اقدامات کے بارے میں حاضرین کو معلومات فراہم کیں
جامعہ کراچی اپنے محدود وسائل کے باوجود فول پروف سیکورٹی کرنے میں مصروف ہے، پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں سیکورٹی کے حوالے سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی دعوت پر ونگ کمانڈر بھٹائی رینجرز نے شرکت کی اور جامعہ کراچی کے سیکورٹی کے حوالے سے کئے جانے والے عملی اقدامات کے بارے میں حاضرین کو تفصیلی معلومات فراہم کیں۔واضح رہے کہ مذکورہ اجلاس اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں جامعہ کراچی اپنی سیکورٹی کے حوالے سے انتظامات کو آخری شکل دینے میں مصروف ہے۔اجلاس میں انجمن اساتذہ کے صدر ، تمام عہدیداران اور روئسائے کلیہ جات بھی موجودتھے۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ جامعہ کراچی اپنے محدود وسائل کے باوجود فول پروف سیکورٹی کرنے میں مصروف ہے ہمارے لئے تمام اساتذہ،طلبا وطالبات اور ملازمین کی جانیں عزیز ہیں اور ان کی حفاظت کے لئے دقیقہ فروگزاشت نہیں کرینگے۔جس پر انجمن اساتذہ نے شیخ الجامعہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور انتظامات کی تعریف کی اور حفاظتی امورسے متعلق اپنی گذارشات بھی پیش کی۔

جامعہ کراچی میں پولیس کا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا مظاہرہ
اساتذہ ، طلباء اور طالبات کو دہشت گردی کی کارروائی سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ،سندھ پولیس کی جانب سے جامعہ کراچی میں ایک پرگرام کے تحت اساتذہ ،طلباء اور طالبات کو دہشت گردوں کی کاروائی سے محفوظ رہنے کے لئے مختلف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا ۔ ایس ایس یو کی جانب سے ایک روزہ تربیتی کورس کے دوران اچانک ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مختلف عملی مظاہرہ بھی کیا گیا تاکہ دہشت گردوں کی کاروائی سے محفوظ رہا جا سکے ۔ ایس ایس یو کی جانب سےHostile Environment Awareness Training (H.E.A.T) پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر، رجسٹرار ، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلباؤ طالبات نے شرکت کی اور ٹریننگ کے دوران مختلف قسم کے اسلحہ کے استعمال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔شرکاء کو دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی صورت میں محفوظ رہنے کے لئے مختلف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ ایس ایس یو کی جانب سے ابھی تک سرکاری افسران ، وکلاہ ، ڈاکٹروں، صحافیوں کو H.E.A.T پروگرام کے تحت ٹریننگ فراہم کی گئی ہیں۔