لانڈھی میں ڈاکوؤں نے خاتون سے ایک لاکھ روپے چھین کر گولی مار دی ۔ دیگر حادثات و واقعات میں ہلاک و زخمی

February 5, 2016 2:29 pm0 commentsViews: 21

پروین بینک سے رقم لے کر آرہی تھی نامعلوم ملزمان تعاقب کرتے ہوئے گھر کے دروازے تک پہنچ گئے
مقتولہ سینے میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی تھی زیادہ خون بہہ جانے سے جاں بحق ہوگئی
کراچی(کرائم رپورٹر)لانڈھی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر خاتون کوقتل کردیا ، ملزمان ہلاک ہونے والی خاتون سے ایک لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی تھانے کی حدود لانڈھی نمبر 6 ایریا فور سی مکان نمبر 77/1 کے باہر ایک موٹر سائیکل سوار پر دو مسلح ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر 45 سالہ خاتون پروین زوجہ اسلم پر فائرنگ کردی اور ان سے ایک لاکھ روپے کیش لے کر فرار ہوگئے ، فائرنگ کے نتیجے میں پروین زوجہ اسلم سینے میں ایک گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی ، جس کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا جارہا تھا کہ وہ خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے ہلاک ہوگئی ،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کھارادر میں واقع اسٹیٹ بینک سے ایک لاکھ روپے لے کر آرہی تھی کہ کھارادر کے قریب سے موٹر سائیکل سوار ملزمان تعاقب کرتے ہوئے مذکورہ مقام پر پہنچے ،مقتولہ اپنے گھر کا دروازہ بجا رہی تھی کہ ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور ایک لاکھ روپے کیش لے کر فرار ہوگئے پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی پولیس ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔

صدر میں اتفاقیہ گولی لگنے سے نجی
کمپنی کا سیکورٹی گارڈ زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر)پریڈی تھانے کی حدود میں صدر میں اتفاقی گولی چلنے سے ڈریگن سیکورٹی کمپنی کا گارڈ 40 سالہ عبدلنواز ولد گلاب خان زخمی ہوگیا۔

مومن آباد میں خاتون گھر کے
ٹینک میں گر کر زندگی کی بازی ہارگئی
کراچی( کرائم رپورٹر)مومن آباد کے علاقے میں قائم کچی آبادی میں رہائش پزیر 40سالہ خاتون ریحانہ زوجہ اقبال گھر میں قائم پانی کے ٹینک میں گرکر ڈوب کر ہلاک ہو گئی متوفیہ کے ورثاء بغیر کسی کارروائی کے موت کی تصدیق کے بعد لاش کو اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ علاقہ پولیس واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کر رہی ہے ۔

صبح سویرے بھینس کالونی سے نوجوان کی لاش برآمد
مقتول کو اغواء کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا ،شناخت نہیں ہوسکی، لاش ایدھی ہوم میں رکھوا دی گئی
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے بھینس کالونی سے نوجوان کی لاش برآمد‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح بھینس کالونی میں چوکنڈی اسٹاپ کے قریب سے30 سالہ نامعلوم نوجوان کی لاش ملی جس کی اطلاع علاقہ پولیس کو دی گئی‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا‘ پولیس نے بتایا کہ مقتول نے پینٹ شرٹ پہنا ہوا ہے اور اس کی جیب سے کوئی ایسی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت ہوسکے‘ پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغواء کے بعد گلا دبا کر قتل کیا ہے اور مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے‘ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو ورثاء کی شناخت کیلئے ایدھی ہوم منتقل کردیا‘ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ مقتول کے جسم پر معمولی تشدد کے نشانات بھی ہیں‘ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔