کارسوار مسلح ملزمان تاجر سے ساڑھے8لاکھ روپے لوٹ کر فرار

February 5, 2016 2:31 pm0 commentsViews: 19

ڈیفنس فیز 5میں کاشف فہیم کوئی پراپرٹی خریدنے کے لئے رقم بینک سے نکلوا کر جارہا تھا
ملزمان نے واردات کے وقت جو کار استعمال کی اس کا نمبر حاصل کرکے تلاش شروع کردی ہے، پولیس
کراچی(کرائم رپورٹر)ڈیفنس بدر کمرشل سے کار سوار مسلح ملزمان اسپیئر پارٹس کے تاجر سے 8 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، تفصیلات کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 5 بدر کمرشل اسٹریٹ نمبر 4 بنگلہ نمبر 9/C کے پاس کار نمبر AVS-689 میں سوار تین مسلح ملزمان نے اسپیئر پارٹس کے تاجر کاشف فہیم ولد فہیم کو اسلحہ کے زور پر روکا اور 8 لاکھ 50 ہزار روپے لے کر فرار ہوگئے ، اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی موقع پر پہنچی اور مدعی کاشف سے بیان لیا، اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی کاشف فہیم کی صدر کے علاقے میں واقع اورنگزیب مارکیٹ میں موٹر سائیکل کے اسپیئر پارٹس کی دکان ہے اس نے کچھ ماہ قبل اپنی کوئی پراپرٹی فروخت کی تھی اور وہ کوئی اور پراپرٹی خرید رہا تھا اسی لیے اپنے گھر کے پاس واقع سونیری بینک سے رقوم لے کر جیسے ہی باہر نکلا پہلے سے گھات لگائے ملزمان اسلحہ کے زور پر رقوم لوٹ کر فرار ہوگئے ، پولیس نے نے مدعی کاشف کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے واردات کے وقت جو کار استعمال کی تھی اس کا نمبر حاصل کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ، ملزمان کو کار نمبر کی مدد سے جلد گرفتار کرلیا جائیگا ۔