پی آئی اے سانحہ ، رینجرز نے مجمع میں شریک مشکوک شخص کی وڈیو جاری کر دی

February 5, 2016 2:37 pm0 commentsViews: 35

عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس مشکوک شخص کی شناخت میں مدد کریں
احتجاج کرنے والے لوگوں میں شرپسندوں کی موجودگی کے اشارے ملے ہیں
تصویر والے شخص نے شیلنگ سے بچنے کیلئے منہ ڈھانپا ہوا تھا، سہیل بلوچ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) 2 فروری کو پی آئی اے کے ملازمین کے احتجاج کے دوران مجمع میں ایک مشکوک نقاب پوش شخص موجود تھا۔ رینجرز نے مشکوک نقاب پوش کی ویڈیو جاری کر دی ہے اور عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مشکوک شخص کو شناخت کرنے میں مدد کریں، ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیے کے مطابق رینجرز انکوائری کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق مجمع میں ایک مشکوک نقاب پوش شخص موجود تھا۔ جس کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے مجمع میں شر پسندوں کی موجودگی کے اشارے ملے ہیں، مشکوک شخص کی شناخت میں مدد اور معلومات دینے والوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، خبر ایجنسیوں کے مطابق پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما سہیل بلوچ کا کہنا ہے کہ تصویر میں دکھایا جانے والا شخص مظاہرین میں شامل تھا۔ جس نے شیلنگ سے بچنے کیلئے منہ ڈھانپا ہوا تھا۔