تھر کی ریت نے سونا اگلنا شروع کردیا،جلد دنیا کے بہترین علاقوں میں شمار ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

February 5, 2016 2:41 pm0 commentsViews: 36

پیپلز پارٹی کی حکومت کو تھر کی ترقی سب سے زیادہ عزیز ہے اس علاقے کو مزید ترقی دینے کے لئے کام کیا جارہا ہے
تھر میں بچوں کی ہلاکتوں پر قابو پانے کے لئے بین الاقوامی ماہرین سے مشاورت کی جارہی ہیں ، قائم علی شاہ کا سندھ اسمبلی میں بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو تھر کی ترقی سب سے زیادہ عزیز ہے ۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے تھر کی ترقی کے لیے بہت کچھ کیا ہے ۔ تھر کو مزید ترقی دی جائے گی اور وہ دن دور نہیں ، جب اس کا شمار دنیا کے بہترین علاقوں میں ہو گا۔ اس علاقے کی ریت میں برکت ہو گئی ہے ، جس نے سونا اگلنا شروع کر دیا ہے ۔ وہ جمعرات کو تھر کی صورت حال پر بحث کو سمیٹتے ہوئے سندھ اسمبلی میں پالیسی بیان دے رہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ 7 سالوں میں 7 ہزار لوگوں کو روزگار دیا ۔ جو لوگ دس دس برس برسراقتدارمیں رہے ، وہ یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور میں کتنے لوگوں کو نوکریاں دیں۔ انہوں نے اپنے دور میں لوگوں کو نکالا ضرور ہے ۔ اس زمانے میں غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تھر میں بچوں کی اموات کا کوئی جواز پیش نہیں کر رہے ۔ وہ ہمارے بچے ہیں ۔ ایک بچے کی موت پر بھی بہت افسوس ہوتا ہے ۔ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن ان کی جان بچانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ ہم ملکی اور بین الاقوامی طبی ماہرین سے مشاورت کر رہے ہیں کہ اس صورت حال پر کیسے کنٹرول کیا جائے اور محکمہ صحت اس حوالے سے بڑے پیمانے پر کام کر رہا ہے ۔انہوں نے قائد حزب اختلاف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایوان میں تھر کے حوالے سے اخباری پلندا تو اٹھا کر لے آئے ہیں لیکن یہ بتائیں کہ وہ خود کتنی مرتبہ تھر کے دورے پر گئے ہیں ۔