خطیب لال مسجد کا پرویز مشرف کو معاف کرنے کا اعلان

February 8, 2016 12:57 pm0 commentsViews: 23

مولانا عبدالرشید غازی کے قتل کا مقدمہ بھی واپس لے لیں گے، مولانا عبدالعزیز کی پریس کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز نے اتوار کی شام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لال مسجد آپریشن پر پرویز مشرف کو معاف کر دیا۔ ہم مولانا عبدالرشید غازی کے قتل کا مقدمہ بھی واپس لے لیں گے۔ میں عبدالعزیز کی حیثیت سے معافی کا اعلان کر رہا ہوں، دیگر شہداء کے ورثاء اپنے طورپر فیصلہ کریں گے۔ اس موقع پر مولانا عبدالعزیز کے ہمراہ عبدالرشید غازی کی صاحبزادی بھی موجود تھیں۔ دریں اثناء ترجمان شہداء فائونڈیشن حافظ احتشام احمد نے فوری رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے شہدائے لال مسجد و جامعہ حفصہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پرویز مشرف کے خلاف مولانا عبدالرشید غازی قتل کیس اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ لال مسجد آپریشن کے تمام ذمہ دار بشمول پرویز مشرف آئین و قانون کے تحت اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ لال مسجد آپریشن کے مرکزی ملزم پرویز مشرف سمیت تمام کرداروں کو تحفظ دینے کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔