تبلیغی اجتماع رقت آمیز مناظر کیساتھ اختتام پذیر

February 8, 2016 1:09 pm0 commentsViews: 105

ہماری تمام پریشانیاں ہمارے اعمال کی بدولت ہیں، اگر سچے دل سے توبہ کرلیں تو ہمارے اعمال ٹھیک ہوجائیں گے
اپنی زندگی کو رب کے احکامات اور محمدعربی کے طریقوں کے مطابق ڈھالیں،مولانا طارق جمیل کا بیان
کراچی( کرائم رپورٹر) کراچی میں3 روزہ سالانہ تبلیغی اجتماع رقت آمیز مناظر کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ اجتماع میں کم و بیش 15 لاکھ افراد نے شرکت کی۔ اجتماع کے آخری روز مولانا طارق جمیل نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام پریشانی ہمارے اعمال کی بدولت ہیں، اگر سب لوگ توبہ کریں اور اللہ کو منا لیں تو ہمارے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ آج سب توبہ کریں اور آئندہ گناہ نہ کرنے کا عہد کریں،۔ اللہ تعالیٰ رحیم ذات ہے صرف ایک بار توبہ کرنے سے وہ سب کچھ معاف کر دیتا ہے توبہ کا دروازہ ہر وقت کھلا رہتا ہے اللہ توبہ کو پسند کرتا ہے اپنے آپ کو اس کے سامنے جھکا کر توبہ کر لیں اور اپنی زندگیوں کو اس کے احکامات اور محمد عربی ﷺکے طریقوں ک کے مطابق ڈھال لیں اس میں ہی امت کی بہتری ہے۔ تبلیغی جماعت کے معروف بزرگ اور مبلغ اسلام مولانا محمد احمد بہاولپوری نے خصوصی دعا کی۔ دعا کے وقت تمام سڑکیں دعا مانگنے والوں سے بھر گئیں۔ لوگوں نے بسوں کی چھتوں اور گاڑیوں پر چڑھ کر دعا مانگی جو جہاں کھڑا تھا اس نے وہیں پر ہاتھ اٹھا لئے۔