آج صبح گودام میں دھماکے کے بعد آتشزدگی ،ایک مزدور ہلاک 3زخمی

February 9, 2016 12:28 pm0 commentsViews: 24

سائٹ کے علاقے ہارون آباد میں واقع اسکریپ کے گودام میں زور دار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور تک سنی گئی
دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، 4افراد جھلس کر زخمی ہوئے،ایک دم توڑ گیا، فائر بریگیڈ کی 4گاڑیوں نے دو گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے سائٹ ہارون آباد میں اسکریپ کے گودام میں دھماکے کے بعد آتشزدگی ، ایک مزدور ہلاک، 3 زخمی، فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح سائٹ کے علاقے ہارون آباد میں واقع اسکریپ کے گودام میں اچانک زور دار دھماکہ ہوا، جس کے آواز دور تک سنائی دی اور علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا دھماکے کے بعد گودام میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ کے شعلے آسمان سے بلند ہونے لگے۔ مذکورہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز، پولیس اور امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا پولیس نے موقع پرپہنچ ہی فائر بریگیڈ حکام کو آگ کی اطلاع دی۔ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔ 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پایا گیا۔ جبکہ مذکورہ دھماکے اور آگ میں جھلس کر 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں مہتاب ایوب ، اختر اور جاوید شامل ہیں۔ ان میں سے مہتاب نامی شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، فائر بریگیڈ کے عملے نے بتایا کہ آگ بجھانے کے عمل میں4 گاڑیوں نے حصہ لیا اور تقریباً 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ہے پولیس نے بتایا کہ گودام میں گیس سلنڈر اسکریپ کیلئے آئے ہوئے تھے جس میں اسکریپ کے دوران دھماکہ پیدا جس میں ایک شخص ہلاک 3 افراد زخمی ہوگئے۔