5300 ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں میں11 کروڑ کے انعامات تقسیم

February 9, 2016 1:09 pm0 commentsViews: 24

ٹریفک کے نظام میں بہتری کیلئے ماس ٹرانزٹ سسٹم کی اشد ضرورت ہے، وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ کا تقریب سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے منعقدہ تقریب تقسیم انعامی رقوم میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔انکے ہمراہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی ،ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ خادم حسین بھٹی ، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے علاوہ دیگر سینئر پولیس افسران بھی تھے ۔مذکورہ تقریب تقسیم انعامی رقوم کا انعقاد چھ سال بعد کیا گیا ہے جسکے تحت ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر شہریوں کو جاری کردہ چالان ٹکٹس پر جرمانوں کی مد میں حاصل ہونیوالی رقوم کا پندرہ فی صد حصہ ٹریفک پولیس کو منتقل کردیا جاتا ہے بعد ازاں یہ رقم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ٹریفک افسران و اہلکاروں میں بطور انعام تقسیم کردی جاتی ہے ۔آج کی اس خصوصی تقریب میں کراچی ٹریفک پولیس کے5300افسران و اہلکاروں میں گیارہ کروڑ پچیس لاکھ روپیبطور انعام تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے ہر دور میں کراچی کے سیکیورٹی نظام سمیت ٹریفک نظام کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں سرف کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، سڑکوں ، شاہراہوں ،پلوں ، فلائی اوورز ، انڈر پاسز کی تعمیر و دیکھ بھال سمیت ہر ان اقدامات پر خصوصی توجہ دی ہے جنکا تعلق براہ راست مفادِ عامہ اور اس صوبے و شہر کی ترقی سے ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سڑکوں شاہراہوں پر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے شہریوں میں قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر ہوگا اور قانون کا احترام انکے دلوں میں گھر کر جائیگا اور یہی احترام ایک پر امن اور مہزب معاشرے کے قیام کی ضمانت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور سڑکوں پر ٹریفک کے روز بروز بڑھتے ہوئے دبائوکے پیش نظر کراچی کے لئے ماس ٹرانزٹسسٹم اشد ضروری ہوگیا ہے جس سے بلاشبہ ٹریفک ریگولیٹری اینڈ مینجمنٹ سسٹم میں نمایاں بہتری آئیگی اور شہریوں کو ٹریفک روانی سمیت دیگر سہولیات میسر آسکیں گی۔ انہوں نے ماس ٹرانزٹسسٹم کے ضمن میں وزیر داخلہ سندھ سے سفارش کی ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک نے تعارفی خطاب میں بتایا کہ سال2015میں ٹریفک پولیس کراچی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر تقریباً تیس لاکھ چالان ٹکٹس جاری کئے جن پر جرمانوں کی مد میں حاصل ہونیوالی رقم باون کروڑ رہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دوران فرائض ٹریفک پولیس کے21افسران اور جوان شہید ہوئے ۔