مغوی خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

February 9, 2016 1:22 pm0 commentsViews: 29

کراچی( کرائم رپورٹر)12روز قبل صفورا چورنگی کے قریب سے اغواء ہونیوالی 40 سالہ کشور ناز وجہ محمد سلیم کی تشدد زدہ لاش ان کے گھر کے قریب واقع پریم ولاز کے کے قریب مکان نمبرA-56 کے زیر زمین ٹینک سے ملی‘ اس ضمن میں ایس ایچ او جعفر بلوچ کا کہنا ہے کہ مقتولہ پریم ولاز کی رہائشی تھی اور 27 جنوری2016 کو گھر سے باہر جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی جس کا مقدمہ الزام نمبر 4/16 ملیر کینٹ تھانے میں درج ہے‘ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلو م ملزمان نے مقتولہ کو اغواء کرنے کے بد ترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا اور لاش کو مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے۔

خاتون بچے کو بچاتے ہوئے
چوتھی منزل سے گر کر ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) سچل تھانے کی حدود اسکیم33سپر ہائی وے کے قریب جیوانی ہائیٹس کے سامنے والے رہائشی عمارت رحیم ویو بلاک بی فلیٹ نمبر405 کی رہائشی خاتون اپنے2سالہ بیٹے کو بچانے کی کوشش کے دوران چوتی منزل سے زمین پر گر کر شدید زخمی ہوگئی خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئی بعد ازاں جاں بحق خاتون اور زخمی بچے کو اسٹیڈیم پر واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا‘ رابطہ کرنے پر سچل تھانے کے سب انسپکٹر فضل احمد نے بتایا کہ جاں بحق ہونیوالی خاتون کی شناخت24 سالہ صائمہ زوجہ آصف کے نام سے کرلی گئی۔

ٹریفک حادثات میں2 موٹر سائیکل سوار جان سے گئے
ماڑی پور اور جام صادق پل پر صالح محمد اور عدیل نواز کو ٹرک اور نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی تھی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ماڑی پور ٹرک اڈے کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار مکینک کو کچل دیا۔ جام صادق پل پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور ٹرک اڈے کے قریب تیز رفتار ٹرک نے نمبر جے سی ٹی 7587 نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص صالح محمد موقع پر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کی گئی۔ متوفی مشرف کالونی کا رہائشی تھا اور ٹرک اڈے پر مکینک کا کام کرتا تھا ماڑی پور پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ٹرک ڈرائیور ٹرک کے ہمراہ فرار ہوگیا ہے جام صادق پل پر تیز رفتار نا معلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان عدیل نواز جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

جٹ لائن میں نفسیاتی مریض نے خود کشی کر لی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) جٹ لائن میں نفسیاتی مریض نے خود کشی کرلی، خاتون گلے میں پھندا لگاکر جان دیدی۔ تفصیلات کے مطابق بریگیڈ تھانے کی حدود جٹ لائن تانگہ اسٹینڈ باقر ہوٹل کے قریب واقع مکان میں38 سالہ فیروز ولد مہدی حسن نے خود کو آگ لگا لی جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص جھلس کر جاں بحق ہوگیا بریگیڈ پولیس کے مطابق متوفی کا دماغی توازن درست نہیں تھا جس کے باعث اس نے خود کو آگ لگا لی، سکھن تھانے کی حدود لیبر اسکوائر500 کواٹرز مکان نمبر142 میں35 سالہ خاتون خالدہ زوجہ محمد فاروق نے پنکھے کے ہک میں پھندا لگا کر جان دے دی، ایس ایچ او سکھن رفیع اللہ کا کہنا ہے کہ متوفیہ طویل عرصے سے نفسیاتی امراض کی شکار تھی۔

سرجانی ٹائون میں گیس سلنڈر پھٹ گیا، خاتون جھلس کر زخمی
نسیم بی بی کھانا پکا رہی تھی کہ گیس سلنڈر کا زوردار دھماکہ ہوا، خاتون طبی امداد کیلئے اسپتال میں داخل
کراچی (کرائم رپورٹر)سرجانی تھانہ کی حدودعباسی گوٹھ میں گیس سلنڈر پھٹنے کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے جس میں45سالہ خاتون جھلس کر شدیدزخمی ہو گئی جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پیر کی دوپہر تقریبا1بجے کے قریب گڈاپ ٹائون میں واقعہ عباسی گوٹھ کے مکان نمبر450میں رہائش پذیر خاتون نسیم بی بی کھانا پکا رہی تھی کہ گیس سلنڈر اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں خاتون جھلس کر زخمی ہو گئی ۔خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ سلنڈر دھماکے کی آواز سے علاقے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھاپولیس واقعہ کی تفتیش کر رہی ہے ۔مکینوں کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو عباسی گوٹھ کے مکینوں نے گیس لائن پچھانے کی درخواست کی لیکن کمپنی حکام نے اس ضمن میںسنجیدہ اقدامات تاحال نہیں کئے ۔