ایم کیو ایم کا پنجاب میں تنظیم سازی تیز کرنے کا اعلان

February 9, 2016 1:16 pm0 commentsViews: 28

پنجاب کے صدر سمیت13 رکنی مرکزی صوبائی کمیٹی تشکیل دیدی جو ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کریگی
بلدیاتی انتخابات اور کراچی آپریشن کی وجہ سے پنجاب پر توجہ کم تھی، وہاں تیزی سے ممبر شپ میں اضافہ ہو رہا ہے، کنورنوید جمیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب میں تنظیمی کام کو تیز اور بہتر بنانے کیلئے ایم کیوایم پنجاب کے صدر سمیت 13رکنی مرکزی صوبائی کمیٹی کا اعلان کردیا ہے ۔ پنجاب کی مرکزی صوبائی کمیٹی پورے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کرے گی اور ذمہ داران کا انتخاب کرے گی ۔ ایم کیوایم پنجاب کی مرکزی صوبائی کمیٹی کا اعلان پیر کے روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد حسین ،مجید ، اسلم آفریدی ، شبیر احمد قائم خانی اور کمال ملک کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم مرکزی پنجاب کمیٹی کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔ کنور نوید جمیل نے کہاکہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن اور کراچی آپریشن کی وجہ سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کی پنجاب میں توجہ کم تھی لیکن اس کے باوجود پنجاب میں ایم کیوایم کا سسٹم موجود ہے ، ایم کیوایم کے تنظیمی اسٹرکچر کے مطابق پنجاب کو اس وقت زونوں میں تقسیم کیا ہوا ہے جن میں سینٹرل پنجاب ، اپر پنجاب ، لوئر پنجاب شامل ہیں ، پنجاب میں لوگوں کا بہت زیادہ ایم کیوایم کی جانب لگائو ہے اور وہاں تیزی سے نئی ممبر شپ میں اضافہ ہورہا ہے ۔۔انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے پر مرکزی کمیٹی جو پورے پنجاب کے تنظیمی معاملات دیکھے گی اور پنجاب کے 9ڈویژن اور 37ڈسٹرکٹ میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پرایم کیوایم پنجاب زون کی مشاورت سے آرگنائزیشن کا عمل مکمل کریگی ۔