بلوچ لبریشن آرمی کے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے لاسی گوٹھ میں آپریشن

February 10, 2016 5:04 pm0 commentsViews: 25

پولیس نے ایک خطرناک ملزم کو گرفتارکرلیا اور دوفرار،گرفتار ملزم نے آستانے پر فائرنگ کرکے چار افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا
لیاری کھڈا مارکیٹ سے گینگ وار وصی اللہ لاکھو گروپ کے کارندے سمیت تین ملزمان گرفتار، منگھوپیر سے طالبان دہشتگرد پکڑا گیا
کراچی (کرائم رپورٹر)قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس نے چھاپوں اور مقابلے کے بعد 2 زخمی سمیت 12 ملزموں کو گرفتار کرلیا،جن میں کالعدم تحریک طالبان ‘کالعدم بلوچ لبریشن آرمی اور لیاری گینگ وار کے کارندے بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروںکے اہلکاروں نے گزشتہ شب لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میںکارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے کارندے زین سمیت 3ملزمان کوحراست میں لے کر قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، ذرائع کے مطابق زیر حراست کارندوں کا تعلق لیاری گینگ وار کے وصی لاکھو گروپ سے ہے ،جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔منگھوپیر پولیس نے علاقے میں گزشتہ شب مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم نذیر پٹھان عرف بادشاہ کو گرفتار کرکے قبضے سے ایک پستول، ایک ہینڈ گرنیڈ اور ٹیکسی نمبر JL-1695 برآمد کرلی، جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے،پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان عابد مچھر گروپ سے ہے ، گرفتار ملزم پولیس ، رینجرز پر حملوں اور متعدد وارداتوں میں ملوث ہے ۔ ایس ایس پی کورنگی تنویر عالم اڈھو نے اپنے آفس میں منگل کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کھوکھراپار پولیس نے رمضان لاسی گوٹھ میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گردوں کی موجودگی پر ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے خطرناک ملزم چھٹل مگسی کو گررفتار کرکے قبضے سے ایک ہینڈ گرینڈ برآمد کرلیا، جبکہ اسکے دو ساتھی میر ہزار بگٹی اور بلال ملک فرارہوگئے ، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں میر ہزار بگٹی ، بلال ملک ، لیاقت عرف راجو جوکہ دوران پولیس مقابلہ گبول گوٹھ میں عوامی کالونی پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا ، علی بروہی ، علی پٹھان اور لال بادشاہ کے ساتھ مل کر 18 ستمبر 2015 کو مہران ٹائون میں واقع آستانہ زندہ پیر پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے تھے ،واضح رہے کہ مذکورہ فائرنگ کے نتیجے میں آستانہ میں موجودچار افراد خمیسو خان، لیاقت ، لاہوتی اور ساون ہلاک اور فضل رحمان، سرور اور پرویز زخمی ہوگئے تھے ، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔